عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) نے پیر کے روز پٹواری حلقہ مجگنڈ، سرینگر کے پٹواری کو 50 ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا ہے۔
اے سی بی ترجمان نے کہا کہ جموں و کشمیر اینٹی کرپشن بیورو کو ایک تحریری شکایت موصول ہوئی تھی جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ رومن قیوم، پٹواری حلقہ مجگنڈ دو کنال زمین کی رجسٹریشن کے سٹامپ ڈیوٹی اور ریونیو ایکسٹریکٹس کے اجراء کے لیے 1 لاکھ روپے رشوت طلب کر رہا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ شکایت کنندہ نے پہلی قسط کے طور پر 50,000 روپے دینے اور بقیہ رقم کام مکمل ہونے کے بعد دینے پر اتفاق کیا تھا، تاہم شکایت کنندہ رشوت دینے کے بجائے اینٹی کرپشن بیورو سے رجوع کر کے قانونی کارروائی کی درخواست کی۔
ترجمان نے کہا کہ شکایت موصول ہونے کے بعد تحقیقات کی گئیں، جس میں پٹواری کی جانب سے رشوت کی مانگ کی تصدیق ہوئی۔ اُنہوں نے کہا اس سلسلے میں ایک مقدمہ ایف آئی آر نمبر 22/2024 کے تحت کیس درج کر کے تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔
تحقیقات کے دوران ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی جس نے کامیاب چھاپہ مارا اور پٹواری رومن قیوم کو 50,000 روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔
تمام قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد ملزم کو حراست میں لے لیا گیا اور کیس کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔