عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر اینٹی کرپشن بیورو نے بدھ کے روز پٹواری حلقہ کول کلاں آرینہ جموں کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔جموں و کشمیر اینٹی کرپشن بیورو کو ایک شکایت موصول ہوئی جس میں الزام لگایا گیا کہ سرکاری ملازم نوید احمد، پٹواری حلقہ کول کلاں آرنیہ نے شکایت کنندہ سے قرض فارد جاری کرنے کے عوض غیر قانونی رقم کا مطالبہ کیا ہے۔
بیان کے مطابق، ملزم نے قرض فارد جاری کرنے کے لیے شکایت کنندہ سے ایک لاکھ روپے رشوت کا مطالبہ کیا تھا۔ بات چیت کے بعد، ملزم نے پچاس ہزار روپے ایڈوانس کے طور پر لینے اور باقی پچاس ہزار روپے موقع پر لینے پر رضامندی ظاہر کی۔
ترجمان کے مطابق چونکہ شکایت کنندہ رشوت دینا نہیں چاہتا تھا، اس لیے اس نے قانون کے مطابق سرکاری ملازم کے خلاف کارروائی کے لیے اینٹی کرپشن بیورو سے رجوع کیا۔
شکایت موصول ہونے پر، خفیہ تصدیق کی گئی، جس سے پٹواری کی طرف سے رشوت کے مطالبے کی تصدیق ہوئی۔ اس کے بعد پولیس اسٹیشن اے سی بی جموں میں ایف آئی آر نمبر 04/2025 دفعہ 7 انسداد بدعنوانی ایکٹ 1988 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا اور تفتیش شروع کی گئی۔
تفتیش کے دوران، ایک افسر کی سربراہی میں ٹریپ ٹیم تشکیل دی گئی۔ ٹیم نے کامیاب جال بچھایا اور سرکاری ملازم کو پچاس ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے آزاد گواہوں کی موجودگی میں رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔ ملزم کو قانونی کارروائی کے بعد موقع پر ہی گرفتار کیا گیا۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ رشوت کی رقم بھی آزاد گواہوں کی موجودگی میں ملزم کے قبضے سے برآمد کی گئی۔ اس کے علاوہ، مجسٹریٹ اور آزاد گواہ کی موجودگی میں ملزم کے گھر کی تلاشی بھی لی جا رہی ہےاورکیس کی مزید تفتیش جاری ہے۔
جموں میں اے سی بی کی کارروائی ،پٹواری کو رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار
