عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// اینٹی کرپشن بیورو( اے سی بی) نے جمعہ کو کٹھوعہ ضلع میں وراثتی انتقال اور قانونی وراثت کا سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے لیے 3000 روپے کی رشوت طلب کرنے اور وصول کرنے کے الزام میں ایک پٹواری کو گرفتار کیا ہے۔
ایجنسی کے ترجمان نے کہا کہ اے سی بی کو مچھیڈی، کٹھوعہ کے ایک رہائشی کی طرف سے ایک تحریری شکایت موصول ہوئی ہے جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ گلشن سنگھ، پٹواری، حلقہ مچھیڈی اس سے وارثی انتقال میوٹیشنز اور قانونی وارث سرٹیفکیٹ جاری کرنے کیلئے 5000 روپے کی رشوت طلب کر رہے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ شکایت کنندہ نے محکمہ مال کے آن لائن پورٹل کے ذریعے درخواست دی اور اسے جاری کرنے کے لیے پٹواری سے ملاقات کی۔ “پٹواری نے 2000 کی رقم بطور پیشگی وصول کی اور دستاویزات کے اجراءکیلئے شکایت کنندہ سے 3,000 کا مزید مطالبہ کیا”۔
ترجمان نے کہا کہ چونکہ شکایت کے مندرجات پہلی نظر میں پی سی ایکٹ 1988 کے زیرِ دفعہ 7 کے تحت قابل سزا جرم کے کمیشن کا انکشاف کرتے ہیں، جس کے مطابق، ایک مقدمہ ایف آئی آر نمبر 02/2023 پولیس تھانہ اے سی بی سنٹرل میں درج کیا گیا اور تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔
اُنہوں نے کہا کہ تحقیقات کے دوران ایک ٹریپ ٹیم تشکیل دی گئی جس نے کامیاب جال بچھا کر ملزم پٹواری کو آزاد گواہوں کی موجودگی میں 3000 روپے رشوت طلب کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ اسے تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ملزم کی گرفتاری کے بعد رام نگر کالونی میں ملزم کے رہائشی مکان کی بھی تلاشی لی گئی، جبکہ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔