عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/اینٹی کرپشن بیورو تریکوٹہ نگر جموں کی سابق کارپورٹر اور ان کے شوہر کے خلاف رشوت کیس میں چارج شیٹ عدالت میں پیش کر دی ہے۔
اے سی بی ترجمان نے بتایا کہ بیورو نے ایف آئی آر نمبر 10/2022 کے تحت انسداد بدعنوانی ایکٹ 1988 کی دفعہ 7 اور تعزیراتِ ہند کی دفعہ 120-بی کے تحت جموں کی انسداد بدعنوانی عدالت میں چارج شیٹ داخل کی ہے۔ یہ چارج شیٹ جیوتی دیوی، جو اس وقت وارڈ نمبر 53 تریکوٹہ نگر جموں کی کارپورٹر تھیں، اور ان کے شوہر شام لال کے خلاف داخل کی گئی ہے، جن پر شکایت کنندہ سے 10,000 روپے رشوت لینے کا الزام ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ شکایت کنندہ نے کارپورٹر جیوتی دیوی سے رابطہ کیا، جنہوں نے رشوت کے طور پر 10,000 روپے کا مطالبہ کیا اور مزید کہا کہ ادائیگی ان کے شوہر شام لال کو کی جائے۔
تاہم، شکایت کنندہ نے رشوت دینے کے بجائے اینٹی کرپشن بیورو سے رجوع کیا تاکہ قانونی کارروائی کی جا سکے۔ شکایت موصول ہونے کے بعد ابتدائی تصدیق کی گئی، جس میں کارپورٹر کی جانب سے رشوت کے مطالبے کی تصدیق ہوئیجس کے بعد مذکوریان میاں بیوی کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ دوران تفتیش، ایک ٹیم تشکیل دی گئی جس نے کامیابی سے ایک جال بچھایا اور دونوں ملزمان، جیوتی دیوی اور شام لال، کو شکایت کنندہ سے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ رشوت کی رقم ان کے قبضے سے آزاد گواہوں کی موجودگی میں برآمد کی گئی۔
تحقیقات مکمل ہونے اور حکومت سے قانونی منظوری حاصل کرنے کے بعد، دونوں ملزمان کے خلاف چارج شیٹ انسداد بدعنوانی عدالت جموں میں پیش کی گئی، جہاں سے کیس کو مزید کارروائی کے لیے ایڈیشنل اسپیشل جج انسداد بدعنوانی جموں کی عدالت منتقل کر دیا گیا ہے۔
اینٹی کرپشن بیورو نے تریکوٹہ نگر کی سابق کارپورٹر اور اُن کے شوہر کو رشوت کیس میں گرفتار کر لیا
