عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) نے سرینگر میں جمعرات کو ایک سرکاری ملازم کو رشوت طلب کرتے اور وصول کرتے گرفتار کر کے سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا ہے اور اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کیا ہے۔
اے سی بی ترجمان نے بتایا کہ محکمہ بجلی یم آر/ٹیک-III جاوید احمد رینہ، ولد محمد یوسف رینہ سکنہ گنڈ پورہ، رام پورہ بانڈی پورہ کو سرینگر صورہ گریڈ سٹیشن پر شکایت کنندہ سے 6500 روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔
اُنہوں نے کہا کہ ایک شکایت کنندہ کی طرف سے شکایت موصول ہوئی ، جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ محکمہ بجلی کے ملازم نے بجلی کا کنکشن فراہم کرنے کیلئے رشوت طلب کی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ شکایت ملنے پرپی سی ایکٹ 1988 کے تحت پولیس تھانہ اے سی بی سرینگر میں ایک مقدمہ ایف آئی آر نمبر 06/2024 درج کیا گیا اور تحقیقات شروع کی گئیں۔
اُنہوں نے کہا کہ تفتیش کے دوران، ملزم سرکاری ملازم کے خلاف ایک جال بچھانے کیلئے ٹریپ ٹیم تشکیل دی گئی۔ ٹیم نے ایک کامیاب جال بچھا کر محکمہ بجلی کے ملازم کو شکایت کنندہ سے 6500 روپے رشوت مانگتے اور وصول کرتے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔
معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔