غلام نبی رینہ
کنگن// وادی کشمیر میں سال 2024 کے دوران سیاحت کے شعبے کو نمایاں ترقی ملی، جہاں یکم جنوری سے 31 دسمبر تک 30 لاکھ سیاحوں نے کشمیر کا رخ کیا۔ ان میں سے 8 لاکھ 17 ہزار 708 سیاحوں نے صحت افزا مقام سونہ مرگ کا دورہ کرکے قدرتی حسن سے لطف اندوز ہوئے۔
محکمہ سیاحت کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق، سونہ مرگ آنے والے سیاحوں میں 15,091 غیر ملکی سیاح اور 39,308 مقامی سیلانی شامل ہیں۔ یہ سیاح سرسبز پہاڑوں اور برف سے ڈھکی چوٹیوں کی دلکشی سے محظوظ ہوئے۔
محکمہ سیاحت کے ڈائریکٹر راجہ یعقوب نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ رواں سال وادی میں 30 لاکھ سیاحوں کی آمد نے سیاحت کے شعبے کو نئی بلندیوں تک پہنچایا، جس میں امرناتھ یاتری بھی شامل ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سال 2025 میں سیاحوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگا۔
ڈائریکٹر سیاحت نے کہا کہ رواں برس غیر ملکی سیاحوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھنے کو ملا، جو وادی کشمیر کی عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی مقبولیت کو ظاہر کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ محکمہ سیاحت مزید اقدامات کرے گا تاکہ یہاں کی خوبصورتی اور مہمان نوازی کو دنیا بھر میں مزید اجاگر کیا جا سکے۔