یواین آئی
سرینگر// جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جنوبی غزہ کے رفح شہر کے ایک کیمپ میں مقیم بے گھر ،بے سروسامان فلسطینیوں کے خیموں پر اسرائیلی بمباری کی شدید الفاظ میں مذّمت کی ہے۔
انہوں نے غزّہ میں فوری جنگ بندی کی اپیل کی اور کہا ہے کہ ہم رفح میں پناہ گزین فلسطینیوں کے خیموں پر اسرائیلی حملے کی پُرزور مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ اسرائیل کی کاروائیاں، عالمی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے اور عالمِ عدالت انصاف کے جنگ بندی کے احکامات کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے اور اقوام عالم اسرائیل کی اس جارحیت کی تماشائی بنی بیٹھی ہے اور بیان بازی کرکے صرف زبانی جمع خرچ سے کام چلایا جارہاہے۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے مظلوم عوام کیساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ اہل کشمیر اپنے فلسطینی بھائیوں کے غم میں برابر شریک ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ فلسطینی عوام کو فتح و نصرت عطا کرکے اور امن، چین اور عافیت کی زندگی نصیب کرے۔