عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے آئندہ بجٹ اجلاس کے پیش نظر آج جموں میں اسپیکر عبدالرحیم راتھر کی صدرات میں آل پارٹی اجلاس منعقد کیا گیا ۔ اجلاس میں اسپیکر نے تمام اراکین سے ایوان کی ہموار کارروائی کو یقینی بنانے کی اپیل کی ۔
آل پارٹی اجلاس کے دوران بی جے پی کے سینئر رہنما سنیل کمار شرما نے اسپیکر سے مطالبہ کیا کہ وہ ایوان کو غیر جانبداری سے چلائیں اور کسی بھی غیر آئینی، غیر جمہوری اور ملک دشمن قرارداد، سوال یا بل کو ایوان میں پیش کرنے کی اجازت نہ دی جائے ۔
اجلاس میں شریک اراکین نے مطالبہ کیا کہ انہیں عوامی مسائل اجاگرکرنے کے لیے مناسب وقت دیا جائے۔راجوری کے ایم ایل اے مظفر اقبال خان نے کہاتمام جماعتوں میں اس بات پر اتفاق ہوا کہ ایوان میں کسی قسم کا کوئی خلل نہیں ڈالا جائے گا اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ ایگزیکٹو (انتظامیہ) مقننہ (اسمبلی) کے سامنے جوابدہ ہو۔
اجلاس میں بی جے پی کے سنیل شرما اور سُرجیت سنگھ سلاتھیا، نیشنل کانفرنس کے مبشر گُل، کانگریس کے غلام احمد میر، سی پی آئی (ایم) کے محمد یوسف تاریگامی، پی ڈی پی کے وحید الرحمٰن پرہ اور آزاد ایم ایل اے مظفر اقبال خان نے شرکت کی۔پیپلز کانفرنس کے صدر سجاد غنی لون اور نیشنل کانفرنس کے رہنما علی محمد ساگر اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔
جموں میں آل پارٹی اجلاس منعقد،بلاخلل ایوان کی کارروائی چلانے کیلئے تمام جماعتوں کا اتفاق
