عظمیٰ ویب ڈیسک
محمد تسکین
بانہال// ضلع رام بن کے مختلف علاقوں میں آوارہ کتوں نے دہشت کا ماحول قائم کر رکھا ہے اور ضلع رام بن کے بانہال اور بٹوٹ میں کتوں کے کئی جھنڈ لوگوں کیلئے خطرہ بنے ہوئے ہیں اور اب تک ان آوارہ کتوں کے حملوں میں کئی لوگ زخمی ہوئے ہیں۔
ضلع رام بن کی تحصیل بٹوٹ کے گاؤں تمتال پنچائیت رکھ جڑوگ میں کتوں کے ایک جھنڈ نے پانچ بھیڑوں کو اپنا نوالہ بنالیا ۔ محکمہ بھیڑ پالن کی جانب سے بھیڑ پالن سکیم کے تحت ان بھیڑوں سے روزگار کمانے والے محمد امین بالی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پچھلے چار مہینوں میں آوار ہ کتوں نے دو مرتبہ بھیڑوں پر حملہ کیا لیکن آج کے حملے میں کتوں نے پانچ بھیڑوں کو مار ڈالا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز ان کی بھیڑ بکریاں باہر جھاڑیوں میں گھاس چررہی تھیں کہ اچانک کتوں کے ایک بڑے جھنڈ نے ان پر حملہ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے وہاں پہنچنے تک پانچ بھیڑوں کو کتوں نے مار ڈالا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کتے نزدیکی بٹوٹ اور اس کے نچلے علاقوں میں بشمول فوجی کیمپ کے آس پاس گھومتے رہتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ مزید کاروائی کیلئے تحصیلدار اور محکمہ متعلقہ کی نوٹس میں لایا گیا ہے اور انہیں انصاف کی امید ہے۔اِدھر جموں سرینگر قومی شاہراہ پر واقع قصبہ بانہال میں پچھلے کئی روز سے آوارہ کتوں کی نقل وحرکت بڑھ گئی ہے اور قصبہ بانہال میں کتوں کی ہڑبونگ اور لڑائیاں معمول بنے ہیں۔
مقامی دکانداروں کا کہنا ہے کہ یہ کتے ٹنل پار کشمیر سے گاڑیوں میں لاکر یہاں چھوڑے گئے ہیں اور اس بارے میں میونسپل حکام خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں ۔
ضلع رام بن میں آوارہ کتوں کی تعداد میں ہوشربا اضافہ ، بٹوت میں پانچ بھیڑوں کو اپنا نوالہ بنایا
