عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/منشیات اسمگلنگ کے خلاف ایک بڑی کامیابی میں پولیس نے شمالی کشمیر کے قصبہ سوپور میں ایک ناکہ چیکنگ آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں خشخاش بھوسے کو بر آمد کیا ہے اور ایک ملزم کو گرفتار کیا ہے۔ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ پولیس اسٹیشن تارزو کی ایک ٹیم نے صوفی حمام تارزو میں ناکے کے دوران ایک لوڈ کیرئر زیر رجسٹریشن نمبرJK04B – 9881 جو نگلی سے چھان کھن کی طرف آ رہا تھا، کو روکا۔
انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران لوڈ کیرئر سے 54 کلو خشخاش بھوسہ بر آمد کیا گیا۔بیان میں کہا گیا کہ اس کے بعد لوڈ کیرئر کے ڈرائیور کو بر سر موقع ہی گرفتار کیا گیا۔گرفتار شدہ کی شناخت جاوید احمد ڈار ولد غلام محی الدین ڈار ساکن چھان کھن سوپور کے طور پر ہوئی ہے۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن تارزو میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت زیر ایف آئی آر نمبر124/2025 ایک مقدمہ درج کیا گیا اور مزید تحقیقات شروع کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ سوپور پولیس منشیات کی فروخت اور اسمگلنگ کے خلاف اپنی صفر رواداری کی پالیسی کا اعادہ کرتی ہے اور اس طرح کی کارروائیاں منشیات کے ماحولیاتی نظام کو ختم کرنے کے لیے ہماری تیز کوششوں کو اجاگر کرتی ہیں۔پولیس نے عوام سے ایک بار پھر تاکید کی ہے کہ وہ چوکس رہیں اور بروقت معلومات فراہم کرکے تعاون کریں اور منشیات سے پاک سوپور کے لیے اجتماعی لڑائی کو تقویت دیں۔
سوپور میں منشیات اسمگلنگ کی ایک بڑی کوشش ناکام، بھاری مقدار میں ممنوعہ مواد بر آمد: پولیس
