محمد تسکین
بانہال// ضلع رام بن کی سب ڈویژن بانہال کی تحصیل کھڑی کے پتھالن علاقے میں جنگلی درندوں کے حملے میں کم از کم بارہ بھیڑیں ہلاک ہوگئی ہیں جبکہ دو دیگر زخمی ہوئی ہیں وہیں قریب ایک درجن بھیڑیں لاپتہ ہوگئی ہیں ۔
متاثرہ لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جمعہ کی رات نوبجے ہتھالن کی کھلی چراگاہوں میں رکھی گئی بھیڑوں پر جنگلی درندوں ، جو ممکنہ طور پر تیندوا ہوسکتا ہے نے حملہ کر دیا اور بارہ بھیڑوں کو چیڑ پھاڑ کرکے مار ڈالا جبکہ دو بھیڑیں زخمی ہوئی ہیں اور ایک درجن کے قریب بھیڑیں جنگلات میں لاپتہ ہوگئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس حملے میں ہلاک ہوئی بھیڑیں عبدالرحمان بٹ ساکنہ بزلہ کھڑی ، محمد رمضان بٹ ساکنہ بزلہ کھڑی ، عبداللطیف بٹ ساکنہ بزلہ کھڑی اور منظور سود بکروال ساکنہ ساول کوٹ ارناس کی تھیں۔ متاثرہ لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ بھیڑیں منظور سود بکروال کے جانوروں کے ساتھ چرنے کیلئے بھیجی گئی تھیں اور جمعہ کی رات نو بجے جنگلی جانوروں نے ہلہ بول دیا اور بھاری نقصان پہنچایا ۔
انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ یہ جنگلی درندوں کا جھنڈ تھا جنہوں نے بڑے پیمانے پر غریب زمینداروں کو نقصان پہنچایا ہے ۔
مقامی چوکیدار عبدالرشید سوہل نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ کھڑی تحصیل کے ترگام ، بزلہ ، پتھالن ، پتنالہ اور دیگر علاقوں میں جنگلی درندوں خاص کر تیندوں اور ریچھوں نے خوف و ہراس کا ماحول پھیلا رکھا ہے اور لوگوں کے جان و مال کو خطرہ لاحق لگا رہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک ہفتہ قبل جنگلی جانوروں کے ایک حملے میں حبیب اللہ پڈر ساکنہ پتنالہ کی تین گائیں اور محمد سلیمان پاچھو ساکنہ پتنالہ کی دو گائیں جنگلی درندوں نے ہلاک کر ڈالی ہیں۔
مقامی لوگوں نے محکمہ وائلڈ لائف اور محکمہ مال کے حکام سے مطالبہ کیا ہیکہ وہ علاقے کا دورہ کرکے لوگوں کو پہنچے نقصانات کا جائزہ لیں اور متاثرین کو معاوضہ ادا کیا جائے۔
انہوں نے محکمہ وائلڈ لائف کھڑی اور بانہال کے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ علاقے میں خصوصی ٹیموں کو روانہ کریں تاکہ ان جنگلی درندوں کو جنگلوں کی طرف مار بھگایا جائے اور لوگوں کے جان و مال کو تحفظ فراہم کیا جائے۔