عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// موسم کی صورتحال میں نمایاں بہتری کے بعد، گرمیوں کی تعطیلات میں مزید توسیع کے بغیرجموں و کشمیر میں تمام سرکاری اور تسلیم شدہ پرائیویٹ سکول آج بروز پیر 27 جولائی کو شیڈول کے مطابق دوبارہ کھلیں گے۔ حکام نے اتوار کو کہاکہ حکومت نے گرمیوں کی تعطیلات میں مزید توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور جموں و کشمیر کے تمام سکول پیر سے دوبارہ کھلیں گے۔اس سے قبل حکومت نے کشمیر ڈویژن کے تمام سکولوں اور جموں ڈویژن کے سرمائی علاقوں میں 6 جولائی سے 19 جولائی تک گرمیوں کی تعطیلات کا اعلان کیا تھا۔18 جولائی کو حکومت نے ہیٹ ویو کی موجودہ صورتحال اور موسم کی خراب پیش گوئی کے پیش نظر تعطیلات میں 22 جولائی تک توسیع کر دی۔اس کے بعد، شدید بارش، فلڈ انتباہات اور خراب موسم کے بعد، حکومت نے کشمیر اور جموں ڈویژن کے موسم سرما کے علاقوں کے سکولوں کے لئے گرمیوں کی تعطیلات کو دوبارہ 26 جولائی تک بڑھا دیا۔ حکام نے بتایا کہ تمام تعلیمی اداروں کو پیر سے معمول کی تعلیمی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔