عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر//1999 کی کرگل جنگ کے شہداء کی بے مثال بہادری اور عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے آرینز گروپ آف کالجز، چندی گڑھ نے کرگل وجے دیوس کی مناسبت سے سرینگر کی ڈل جھیل کے گھاٹ نمبر 18 پر دسویں شکارا ریس کا انعقاد کیا۔ آرینز گروپ آف کالجز کے چیئرمین ڈاکٹر انشو کٹاریا نے ریس کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔اس موقع پر مقامی نوجوانوں، طلبہ اور عوام کی بڑی تعداد نے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی، جس سے ڈل جھیل حب الوطنی، قومی یکجہتی اور قومی فخر کی ایک خوبصورت علامت میں تبدیل ہو گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر انشو کٹاریا نے کہا کہ کرگل وجے دیوس ہمارے بہادر فوجیوں کی جرات، عزم اور عظیم قربانی کی ہمیشہ یاد دلانے والی ایک تاریخی یادگار ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1999 کی کرگل جنگ کے دوران 527 بھارتی فوجیوں نے وطن کی خودمختاری کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، اور ان کی قربانیاں آج بھی ہر ہندوستانی کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔