عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر جموں و کشمیر منوج سنہا نے ہفتہ کو کیمپ ڈائریکٹروں اور اعلی حکام کے ساتھ ایک اعلی سطحی اجلاس منعقد کرکے حالیہ شدید بارشوں کے بعد امرناتھ یاترا راستوں پر جاری مرمت اور بحالی کے کاموں کا جائزہ لیا۔اجلاس میں صوبائی کمشنر کشمیر انشل گرگ، امرناتھ شرائن بورڈ کے ایڈیشنل چیف ایگزیکٹو آفیسر راہل سنگھ، ایس ایس پی اننت ناگ امود ناگپور، ایس ایس پی سرینگر ڈاکٹر جی وی سندیپ چکرورتی، ڈپٹی کمشنر اننت ناگ ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ، ڈپٹی کمشنر سرینگر اکشے لابرو، ڈپٹی کمشنر گاندربل جتن کشور، ایس ایس پی گاندربل سدھانشو دھاما سمیت سول انتظامیہ، پولیس، فوج، سکیورٹی فورسز، شرائن بورڈ، بی آر او، محکمہ صحت، محکمہ موسمیات اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔اجلاس کے دوران لیفٹیننٹ گورنر نے یاترا راستوں، حفاظتی ریلنگز اور دیگر بنیادی سہولیات کو پہنچنے والے نقصانات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ ایجنسیوں اور افسران کو ہدایت دی کہ مٹی کے تودے گرنے اور پتھر کھسکنے کے خطرے والے مقامات پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے کام کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔یاتریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے منوج سنہا نے اضافی مائونٹین ریسکیو ٹیموں (MRTs) کی تعیناتی کی ہدایت دی اور حکام پر زور دیا کہ یاتریوں کو موسم سے متعلق تازہ ترین معلومات بروقت فراہم کی جائیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے یہ بھی ہدایت دی کہ بجلی، پانی کی فراہمی، مواصلاتی نظام اور طبی سہولیات سمیت تمام ضروری خدمات کو مکمل طور پر فعال رکھا جائے تاکہ یاترا کے دوران زائرین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔