عظمیٰ نیوز سروس
جموں// این آئی اے کی ایک خصوصی عدالت نے برطرف پولیس افسر دیویندر سنگھ کی عبوری ضمانت کی درخواست مسترد کر دی لیکن اسے انسانی بنیادوں پر پانچ دن کی حراستی پیرول کی اجازت دی ہے تاکہ وہ اگلے ہفتے سرینگر میں اپنے والد کی موت کے بعد کی رسومات میں شرکت کر سکیں۔ سنگھ، جو سرینگر کے ہوائی اڈے سے منسلک پولیس کے اینٹی ہائی جیکنگ سیل کے ساتھ تعینات تھا، کو جنوری 2020 میں جنوبی کشمیر کے اننت ناگ کی ایک چوکی پر حزب المجاہدین کے ملی ٹینٹوں بشمول اس کے خود ساختہ کمانڈر سید نوید مشتاق کو لے جانے کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔اس کے بعد قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے)کے ذریعہ اس کیس میں چارج شیٹ کیا گیا اور 2021 میں اسے ملازمت سے برخاست کردیا گیا۔ضمانت کی درخواست کے مطابق سنگھ کے والد دیدار سنگھ کا 17 جولائی کو سرینگر میں انتقال ہو گیا تھا۔ملزم، جو 11 جنوری 2020 کو گرفتاری کے بعد سے جموں کی کوٹ بھلوال سنٹرل جیل میں بند ہے، نے آخری رسومات اور موت کے بعد کی رسومات میں شرکت کے لیے 20 دن کی عبوری ضمانت کی درخواست کی۔
عدالت کو بتایا گیا کہ باقاعدہ ضمانت مسترد ہونے کے خلاف ان کی اپیل فی الحال جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ میں زیر التوا ہے۔21 جولائی کو حکم جاری کرتے ہوئے، خصوصی جج پریم ساگر نے سنگھ کی عبوری ضمانت کی درخواست کو مسترد کر دیا لیکن انسانی ہمدردی کی بنیاد پر انہیں پانچ دن کی حراستی پیرول کی منظوری دے دی، انہیں 27 جولائی اور 30 کے درمیان سری نگر میں خاندانی رہائش گاہ پر ‘اکھنڈ پاٹھ’ اور آخری رسومات میں شرکت کرنے کی اجازت دی۔جج نے اپنے چار صفحات پر مشتمل حکم نامے میں کہا”مقدمہ کے حقائق اور حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے، عبوری ضمانت کی درخواست پر غور نہیں کیا جاتا ہے کیونکہ درخواست گزار نے پہلے ہی ریگولر ضمانت کے مسترد ہونے کے خلاف اپیل دائر کر رکھی ہے۔ تاہم، یہ عدالت جزوی طور پر درخواست گزار کی درخواست کو خالصتاً انسانی بنیادوں پر منظور کرتی ہے اور اسے مذہبی رسومات میں شرکت کی اجازت دیتی ہے‘‘۔عدالت نے کہا کہ ملزم 27 سے 30 جولائی تک حراستی پیرول پر رہیں گے اور 31 جولائی کو واپس جیل جائیں گے۔پیرول کی مدت کے دوران، سنگھ پولیس کی تحویل میں رہے گا اور اسے ہر روز صبح 10 بجے سے شام 4 بجے کے درمیان مذہبی تقریبات کے مقام پر لے جایا جائے گا، عدالت نے ہدایت دی کہ سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لیے پورے دورے کے دوران مناسب پولیس اہلکار ان کے ساتھ رہیں گے۔