سمت بھارگو
راجوری//سرحدی اضلاع راجوری اور پونچھ میں مسلسل ہونے والی موسلادھار بارشوں نے ہفتہ کے روز بھی معمولاتِ زندگی کو بری طرح متاثر رکھا۔ شدید بارشوں کے دوران ضلع راجوری کے تھنہ منڈی سب ڈویژن میں ایک رہائشی مکان کا حصہ منہدم ہونے سے ایک خاتون جاں بحق جبکہ اس کا شوہر اور بیٹا زخمی ہو گئے۔ دوسری جانب 19 جولائی کو سیلابی ریلوں میں لاپتہ ہونے والے سات افراد کی تلاش کا سلسلہ بھی مختلف امدادی ایجنسیوں کی جانب سے مسلسل جاری ہے۔سرکاری حکام کے مطابق تھنہ منڈی کے بھٹیاںگاؤں میں مسلسل بارش کے باعث ایک پختہ مکان کا کچن شیڈ، مویشی خانہ اور ایک حصہ اچانک منہدم ہو گیا، جس کے نتیجے میں گھر کے افراد ملبے تلے دب گئے۔ واقعے کے فوراً بعد مقامی لوگوں نے امدادی کارروائی شروع کرتے ہوئے ملبے میں پھنسے افراد کو باہر نکالا اور انہیں فوری طور پر گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) اور اس سے ملحقہ ہسپتال راجوری منتقل کیا۔جاں بحق خاتون کی شناخت 45 سالہ شاہدہ پروین زوجہ عبدالرحمن، ساکن بھٹیاں، کے طور پر ہوئی ہے۔ وہ شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کی جا رہی تھیں تاہم راستے میں ہی دم توڑ گئیں۔
حادثے میں ان کے 62 سالہ شوہر عبدالرحمن اور 25 سالہ بیٹے توفیق الرحمن زخمی ہوئے ہیں، جن کا علاج جی ایم سی راجوری میں جاری ہے۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر راجوری ملک زادہ شیراز الحق نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ زخمی باپ بیٹا خطرے سے باہر ہیں اور انہیں ہسپتال میں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ شاہدہ پروین زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال پہنچنے سے قبل ہی انتقال کر گئی تھیں۔ادھر راجوری اور پونچھ کے مختلف علاقوں میں ہفتہ بھر دن ہلکی سے تیز بارش کا سلسلہ جاری رہا، جس کے باعث عام زندگی بری طرح متاثر رہی۔ مسلسل بارشوں نے حساس علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، پہاڑوں سے پتھر گرنے، اچانک سیلابی ریلے آنے اور زمین دھنسنے کے خدشات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ کئی رابطہ سڑکیں متاثر ہونے سے دور دراز علاقوں میں لوگوں کو آمدورفت، اشیائے ضروریہ کی فراہمی اور دیگر بنیادی سہولیات کے حصول میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔دوسری جانب امدادی ایجنسیوں نے 19 جولائی کو مختلف سیلابی واقعات میں لاپتہ ہونے والے سات افراد کی تلاش مزید تیز کر دی ہے۔ ان لاپتہ افراد میں سے چھ کا تعلق ضلع پونچھ جبکہ ایک سرکاری ملازم کا تعلق ضلع راجوری سے بتایا گیا ہے۔حکام کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس ،اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس ،جموں و کشمیر پولیس، سول انتظامیہ، فوج اور مقامی رضاکاروں پر مشتمل مشترکہ ٹیمیں مسلسل کئی روز سے مختلف مقامات پر سرچ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیںتاہم ہفتہ کی شام تک کسی بھی لاپتہ شخص کا سراغ نہیں مل سکا تھا۔واضح رہے کہ جمعرات کی شام اور جمعہ کے روز پونچھ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے دو لاپتہ خواتین کی لاشیں برآمد ہوئی تھیں، جس کے بعد باقی سات لاپتہ افراد کی تلاش مزید تیز کر دی گئی ہے۔ امدادی ٹیمیں جدید آلات اور مقامی رضاکاروں کی مدد سے دریاؤں، ندی نالوں اور متاثرہ علاقوں میں مسلسل تلاشی مہم چلا رہی ہیں۔ضلع انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ خراب موسمی حالات کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے گریز کریں، لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے والے علاقوں سے دور رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر پولیس، ایس ڈی آر ایف یا ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کریں۔ حکام کا کہنا ہے کہ تمام متعلقہ محکمے الرٹ ہیں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ بارشوں کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔