عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//کرائم برانچ جموں و کشمیر کے اکنامک آفنسز وِنگ (EOW) نے کمبوڈیا جاب فراڈ کیس میں پٹن کے رہائشی محمد یاسین راتھر ولد نثار احمد راتھر کے خلاف بارہمولہ کی عدالت میں چارج شیٹ دائر کر دی ہے۔یہ کارروائی ایف آئی آر نمبر 19/2026 کے تحت عمل میں لائی گئی ہے۔ شکایت کنندہ نے الزام عائد کیا تھا کہ ملزم نے اسے کمبوڈیا میں کمپیوٹر آپریٹر کی ملازمت دلانے کا جھانسہ دیا، جس کے لیے ماہانہ 90 ہزار روپے تنخواہ دینے کا وعدہ کیا گیا تھا۔شکایت کے مطابق متاثرہ نے نوکری کے وعدے پر لاکھوں روپے ملزم کے بینک اکانٹ میں منتقل کیے، جبکہ ویزا، سفر اور دیگر اخراجات کی مد میں بھی بڑی رقم خرچ کی۔ تاہم کمبوڈیا پہنچنے کے بعد مبینہ طور پر اسے ملازمت فراہم کرنے کے بجائے ایک آن لائن اسکیم میں کام کرنے پر مجبور کیا گیا۔ای او ڈبلیو کے مطابق تحقیقات کے دوران جمع کیے گئے شواہد کی بنیاد پر الزامات ثابت ہوئے، جس کے بعد چارج شیٹ عدالت میں پیش کی گئی۔اکنامک آفنسز وِنگ کرائم برانچ جموں و کشمیر نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ بیرونِ ملک روزگار کے نام پر ہونے والے فراڈ سے محتاط رہیں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔یہ کارروائی کمبوڈیا جاب فراڈ اور روزگار کے نام پر مالی دھوکہ دہی کے خلاف جاری اقدامات کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔