عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/کرائم برانچ کشمیر کے اسپیشل کرائم وِنگ نے پیر کے روز سری نگر اور گاندربل اضلاع میں متعدد مقامات پر تلاشی کارروائیاں انجام دیں، جہاں ایک ایسے بھتہ خوری کے گروہ کا پردہ فاش کیا گیا ہے جو مبینہ طور پر کرائم برانچ اور اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) کے افسران بن کر لوگوں کو دھمکاتا اور ان سے رقم بٹورتا تھا۔
جاری ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ اسپیشل کرائم وِنگ، کرائم برانچ جموں و کشمیر، ایف آئی آر نمبر 18/2026 کے سلسلے میں سری نگر اور گاندربل کے مختلف علاقوں میں تلاشی کارروائیاں انجام دے رہی ہے۔ مذکورہ ایف آئی آر بھارتیہ نیایا سنہتا (بی این ایس) کی دفعات 204، 319(2)، 308(2)، 338 اور 61 کے تحت درج کی گئی ہے۔ترجمان کے مطابق یہ معاملہ ایک منظم گروہ سے متعلق ہے جو خود کو کرائم برانچ اور اے سی بی کے افسران ظاہر کرکے بزرگ شہریوں کو فرضی شکایات اور گرفتاری کا خوف دکھاتا تھا اور ان سے بھاری رقم وصول کرتا تھا۔
بیان میں کہا گیا کہ ملزمان نے سری نگر کے ایک بزرگ شہری سے 30 لاکھ روپے سے زائد کی رقم بھتہ کے طور پر وصول کی۔ اس سلسلے میں ملزمان کے گھروں پر تلاشی لی جا رہی ہے، جن میں (1) مبشر احمد یتو (وانی) ولد علی محمد یتو (وانی)، ساکن رنگل ناگبل گاندربل؛ (2) نصیر مقبول بچو ولد محمد مقبول بچو، ساکن خواجہ یاربل سعیدہ کدل سری نگر؛ (3) مدثر صادق نجار ولد محمد صادق نجار، ساکن کلال ڈوری نائید کدل ایس آر گنج سری نگر؛ اور (4) منیر احمد میر ولد عبدالرشید میر، ساکن گوسیہ کالونی الٰہی باغ سری نگر شامل ہیں۔
ترجمان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ دھوکہ دہی، جعلسازی، سائبر جرائم، فرضی شناخت اختیار کرنے اور دیگر منظم جرائم میں ملوث عناصر سے ہوشیار رہیں۔انہوں نے کہا کہ شہری جعلی دستاویزات، دھوکہ دہی پر مبنی اسکیموں اور غیر قانونی فائدے کے لیے کیے جانے والے جھوٹے وعدوں کا شکار نہ بنیں۔ اگر کسی شخص کو اس نوعیت کی مجرمانہ سرگرمیوں کے بارے میں معلومات ہوں یا کسی فرد پر ایسے جرائم میں ملوث ہونے کا شبہ ہو تو وہ فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن یا کرائم برانچ جموں و کشمیر کو اطلاع دے تاکہ قانون کے مطابق بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
کرائم برانچ کشمیر کی سرینگراور گاندربل میں معتدد مقامات پر تلاشی کارروائیاں ، بھتہ خوری گروہ کا پردہ فاش کر دیا