عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// چاڈورہ علاقے میں بیلی برج پر جمعہ کو ایک سڑک حادثے میں اسپیشل آپریشن گروپ (ایس ائوجی) کا ایک اہلکار ہلاک اور دوسرا زخمی ہوگیا۔وہ ایک سرکاری گاڑی میں سفر کر رہے تھے جب اْن کی گاڑی بیلی برج کے سٹیل گرڈر سے ٹکرا گئی، جس سے وہ دونوں زخمی ہو گئے۔ دونوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان میں سے ایک کو مردہ قرار دے دیا، جبکہ دوسرے کا علاج جاری ہے۔بعد ازاں متوفی کی شناخت طارق احمد ساکنہ ہانجورہ اور زخمی کی شناخت ریاض احمد کے نام سے ہوئی۔پولیس نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔اس دوران سری نگر کے کھمبرزکورہ علاقے میں سمارٹ میٹر لگانے کے دوران8 سالہ مزدور غلطی سے ہائی ٹینشن (ایچ ٹی) پاور لائن کے ساتھ رابطے میں آنے کے بعد ہلاک ہوگیا۔اسے بے ہوشی کی حالت میں اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔متوفی کی شناخت 18سالہ مرتضیٰ کھٹانہ ولد عبدالرشید کھٹانہ ساکن گرکوٹ اوڑی کے طور پر کی گئی ہے۔ اس دوران پانتہ چھوک سری نگر کے سمپورہ علاقے میں ایک پٹرول پمپ کے واش روم کے اندر بے ہوش پائے جانے کے بعد ایک 25 سالہ نوجوان کی موت واقعہ ہوگئی۔ایک پولیس پارٹی نے بے ہوش شخص کو علاج کے لیے ایس ایم ایچ ایس اسپتال سری نگر منتقل کیا۔
تاہم اسپتال پہنچنے پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔اسکی شناخت ساحل بلال ولد بلال احمد ڈار ساکن فریستہ بل پانپور کے طور پر کی گئی ہے۔ پولیس نے موت کی وجہ جاننے کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے۔ادھراننت ناگ کے سنگم بجبہاڑہ علاقے میںسڑک حادثے میں 60 سالہ بزرگ شہری جاں بحق ہوگئے۔شہری کی شناخت گلزار احمد بجاڑ ولد محمد یعقوب بجاڑ ساکنہ راجوری حال کھرم مرہامہ کے بطو ر ہوئی۔گلزار احمد سنگم میں سڑک عبور کر رہے تھے کہ اس دوران ایک نامعلوم گاڑی نے انہیں زور دار ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔زخمی کو پہلے گورئمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی علاج کے بعد نازک حالت کے پیش نظر ایس ایم ایچ ایس اسپتال سرینگر ریفر کیا گیا۔ تاہم ڈاکٹروں نے وہاں پہنچنے پر انہیں مردہ قرار دیا۔ادھردو روز قبل مرکری جامع مسجد ٹنگمرگ کے قریب زخمی ہونے والا 72 سالہ دوکاندار صدر اسپتال سرینگر میں چل بسا۔بدھ کو ایک بجلی کا کھمبا گر کر دوکاندار نمازی پیر نورالدین ولد پیر محمد مقبول عمر 72 ساکنہ اوگمونہ کنزر پر اسوقت گر گیا تھا جب درنگ سے آرہا ایک لکڑی سے لدا ٹرک زیر نمبر Jk02E4217 بجلی کے کھمبے سے ٹکرا گیا تھا جو کہ دوکاندار پر اگرا تھا۔مذکورہ دوکاندار جمعہ کوہسپتال میں انتقال کرگیا۔ مرحوم ٹنگمرگ بازار میں ایک ہینڈی کرافٹ دکان چلا رہا تھا ۔ادھر پٹن کے مامسو گاؤں میں جمعہ کوچنار کا درخت گرنے سے ایک شخص کی جان چلی گئی۔متوفی کی شناخت بشیر احمد گنائی کے طور پر ہوئی ہے ۔یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک چناراچانک گر گیا اور اس سے ٹکرا گیا جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔ مقامی لوگوں نے اسے فوری طور پر ٹراما اسپتال پٹن میں علاج کے لیے پہنچایا۔تاہم اسپتال پہنچنے پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا