محمد تسکین
بانہال// امرناتھ یاترا کا 14واں قافلہ بدھ کی علی الصبح بھگوتی نگر یاتری نواس، جموں سے سخت اور کثیر سطحی سیکورٹی انتظامات کے درمیان کشمیر میں واقع بالتل اور پہلگام کے بیس کیمپوں کی جانب روانہ ہوا۔ قافلے میں مجموعی طور پر 6,251یاتری شامل تھے۔جوائنٹ پولیس کنٹرول روم کے مطابق 2,985یاتری بالتل راستے جبکہ 3,266یاتری پہلگام راستے سے روانہ ہوئے۔ قافلے میں 230گاڑیاں شامل تھیں، جن میں 137بسیں، 34میڈیم موٹر وہیکلزاور 59لائٹ موٹر وہیکلزشامل تھیں۔یاتریوں میں 4,439مرد، 1,614خواتین، 13بچے، 78سادھو، 53سادھویاں، ایک سادھو بچہ، تین خواجہ سرا یاتری اور 50غیر ملکی مرد یاتری شامل تھے۔بالتل جانے والاقافلہ صبح 2:42 بجے جبکہ پہلگام جانے والا قافلہ 3:27بجے روانہ ہوااور دیر شام تک دونوں قافلے اپنے منزلوں تک پہنچ چکے تھے۔حکام کے مطابق 14ویں قافلے کی روانگی کے ساتھ ہی رواں سال بھگوتی نگر بیس کیمپ سے امرناتھ گپھا کی جانب روانہ ہونے والے یاتریوں کی مجموعی تعداد 99,287تک پہنچ گئی ہے۔