ایجنسیز
واشنگٹن//امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر بمباری کی دھمکی دیتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ تہران انہیں قتل کرنے کی دھمکیاں دے رہا ہے۔انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک بیان میں لکھا، ’’ایک ہزار میزائل مکمل طور پر تیار ہیں اور اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب نشانہ باندھے ہوئے ہیں، جبکہ مزید ہزاروں میزائل فوری طور پر اس کے بعد داغے جا سکتے ہیں۔‘‘ٹرمپ کے مطابق ایران نے ’’دنیا کے مختلف حصوں میں‘‘ انہیں قتل کرنے کی دھمکیاں دی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر ایسا ہوا تو ’’احکامات پہلے ہی دیے جا چکے ہیں اور امریکی فوج ایک سال تک اور ضرورت پڑنے پر اس مدت میں توسیع کے ساتھ، ایران کے تمام علاقوں کو مکمل طور پر تباہ کرنے کے لیے تیار، آمادہ اور اہل ہے۔‘‘امریکی صدر کا یہ بیان وال اسٹریٹ جرنل کی اس رپورٹ کے بعد سامنے آیا، جس میں کہا گیا کہ اسرائیل نے امریکہ کو ایسی خفیہ معلومات فراہم کی ہیں، جو ٹرمپ کے خلاف ایک مبینہ ایرانی سازش کی طرف اشارہ کرتی ہیں۔ تاہم اس رپورٹ میں ان معلومات کے ماخذ اور وقت کا ذکر نہیں کیا گیا۔واضح رہے سابق ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی آخری رسومات کے دوران بعض شرکاء کی جانب سے ٹرمپ کے خلاف نعرے لگائے گئے تھے اور کچھ افراد ایسے بینرز اٹھائے ہوئے تھے جن پر ’’ٹرمپ کو قتل کرو‘‘ درج تھا۔