محمد تسکین
بانہال// امرناتھ یاتراکا دسواں قافلہ ہفتہ کی علی الصبح سخت اور فول پروف سیکورٹی انتظامات کے درمیان بھگوتی نگر یاتری نواس جموں سے کشمیر کے لیے روانہ ہوا اور دوران سفر بالتل یاتریوں کیلئے بانہال میں اور پہلگام کے راستے جانے والے یاتریوں کیلئے چندرکوٹ کے لنگروں پر چائے ناشتے کا انتظام رکھا گیا تھا۔ سرکاری حکام کے مطابق قافلے میں مجموعی طور پر 9,182یاتری 333گاڑیوں کے ذریعے بالتل اور پہلگام کے بیس کیمپوں کی جانب روانہ ہوئے۔جوائنٹ پولیس کنٹرول روم، بھگوتی نگر کے مطابق بالتل جانے والاقافلہ، جس میں 3,305 یاتری شامل تھے، صبح 2بج کر 43منٹ پر روانہ ہوا، جبکہ پہلگام روٹ پر 5,877یاتریوں کا قافلہ صبح 3بج کر 31منٹ پر روانہ کیا گیا۔حکام نے بتایا کہ اس قافلے میں 6,455مرد، 2,389خواتین، 31بچے، 256سادھو، 46سادھویاں اور پانچ خواجہ سرا یاتری شامل ہیں، جبکہ اس بار دسویں قافلے میں کوئی غیر ملکی یاتری شامل نہیں تھا۔یاتری 196بسوں، 43میڈیم موٹر وہیکلز ،91لائٹ موٹر وہیکلز اور تین دو پہیہ گاڑیوں میں سفر کر رہے تھے۔ اس کے ساتھ ہی رواں سال یاترا کے آغاز سے اب تک جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے روانہ ہونے والے یاتریوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 70,794ہو گئی ہے۔ جبکہ حکام کے مطابق دو لاکھ سے زائد یاتریوں نے ابتک پوتر امرناتھ گھپا اور شیو لنگم کے درشن کئے ہیں حکام نے بتایا کہ یاترا کے سخت حفاظتی حصار کیلئے جموں و کشمیر پولیس، سی آر پی ایف اور دیگر سیکورٹی فورسز کی گاڑیاں بھی یاترا میں شامل تھیں ،جبکہ ضلع رامبن انتظامیہ کے سینئر افسران روزانہ کی بنیادوں پورے راستے قافلے کی نگرانی کرتے ہیں۔