سمت بھارگو
راجوری//امرناتھ جی یاترا 2026 کے پرامن، محفوظ اور کامیاب انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے جنرل آفیسر کمانڈنگ رائزنگ اسٹار کور، لیفٹیننٹ جنرل آکاش جوہر نے جمعرات کو یاترا کے لیے کیے گئے سیکورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔فوج کے مطابق جی او سی نے یاترا کی حفاظت پر مامور فوجی دستوں کی آپریشنل تیاری، جنگی صلاحیت، ہنگامی حالات سے نمٹنے کے ردِعمل کے نظام اور مجموعی حفاظتی انتظامات کا معائنہ کیا۔
انہیں مختلف مقامات پر تعینات فوجی یونٹوں کی تیاری، نگرانی کے نظام اور سیکورٹی اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔دورے کے دوران لیفٹیننٹ جنرل آکاش جوہر نے یاترا پر تعینات افسران اور جوانوں سے ملاقات کی اور ان کے حوصلے بلند کیے۔ انہوں نے تمام رینکس کی غیر متزلزل پیشہ ورانہ صلاحیت، فرض شناسی، مستعدی اور مشن کی تکمیل کے لیے مختلف سکیورٹی ایجنسیوں کے درمیان بہترین تال میل کو سراہتے ہوئے انہیں آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ فرائض انجام دینے کی تلقین کی۔جی او سی نے جموں و کشمیر پولیس اور دیگر سیکورٹی اداروں کے افسران سے بھی ملاقات کی، جس کے دوران شری امرناتھ یاترا کے دوران نافذ کیے گئے حفاظتی اقدامات، بین المحکماتی رابطے اور ممکنہ چیلنجز سے نمٹنے کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔فوجی حکام کے مطابق امرناتھ جی یاترا کے تمام روٹس پر حفاظتی انتظامات کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے تاکہ یاتریوں کو ہر ممکن محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے اور یاترا بحسن و خوبی اپنے اختتام تک پہنچ سکے۔