یو این آئی
نئی دہلی// مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور شہری ہوا بازی کے مرکزی وزیر رام موہن نائیڈو کنجراپو نے بدھ کو اہم ہوائی اڈوں پر دستیاب مسافروں کی سہولیات، سکیورٹی انتظامات اور امیگریشن نظام کا جائزہ لیا۔ شاہ نے ملک کے تمام ہوائی اڈوں پر مرحلہ وار طریقے سے خودکار ایکس رے ٹرے سسٹم نصب کرنے کی ہدایت دی تاکہ اس کام میں مصروف لوگوں پر آنے والے اخراجات کو کم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ نئے ہوائی اڈوں پر خودکار ایکس رے ٹرے سسٹم ہی نصب کرنے کے مناسب معیار طے کیے جائیں۔ انہوں نے ہوائی اڈے میں داخل ہونے کے لیے انٹری لین، چیک ان کاؤنٹر، سکیورٹی چیک لین اور امیگریشن کاؤنٹر کے درمیان باہمی انحصار کو مدنظر رکھتے ہوئے انتظامات کرنے کی ہدایت دی، تاکہ کسی بھی ‘ٹچ پوائنٹ’ پر مسافروں کی بھیڑ نہ ہو اور انہیں کوئی تکلیف نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ مسافروں کی بلاتعطل آمد و رفت کو یقینی بنانے کے لیے ہوائی اڈے کے ہر ٹچ پوائنٹ پر ایک مربوط منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔وزیر داخلہ نے ہدایت دی کہ بیورو آف سول ایوی ایشن سکیورٹی کے سکیورٹی معیار کے مطابق مسافروں کی سہولیات کو بڑھانے اور تجارتی شعبے کو مقررہ معیار کے اندر رکھنے کے لیے 21 زیر عمل اور بقیہ 41 ہوائی اڈوں کو ترقی دینے کے لیے مسافروں کی تعداد کے لحاظ سے ترجیحات کا تعین کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان 62 ہوائی اڈوں پر اگلے دو سالوں میں کام مکمل ہو جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ وزارت شہری ہوا بازی مسافروں کی تعداد اور طیاروں کی تعداد کی بنیاد پر تمام ہوائی اڈوں کے لیے ایرو برجوں کی تعداد کے حوالے سے ضوابط مقرر کرے۔ بیگیج ڈراپ کی سہولت اہم 16 ہوائی اڈوں کے علاوہ دیگر پرہجوم بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر بھی دستیاب کرائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایکس رے اسکریننگ کے لیے سنٹرل انڈسٹریل سکیورٹی فورس (سی آئی ایس ایف) کے عملے کی تعلیمی قابلیت میں کسی قسم کی کمی نہیں ہونی چاہیے۔ ساتھ ہی، مناسب تعلیمی قابلیت رکھنے والے دستیاب افسران اور ملازمین کو ایکس رے اسکریننگ کے کام میں لگایا جانا چاہیے۔مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ 2027 تک تمام ریاستی ہیڈ کوارٹرز پر لازمی طور پر علاقائی رجسٹریشن دفاتر شروع کیے جائیں۔ اگرتلا اور جیور ہوائی اڈوں پر مجاز امیگریشن چوکیاں جلد از جلد شروع کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ فاسٹ ٹریک امیگریشن – ٹرسٹڈ ٹریولر پروگرام کو مقبول بنانے کے لیے ایئر لائنز کے ساتھ تال میل قائم کر کے بین الاقوامی ٹکٹ بکنگ ہونے پر متعلقہ مسافر کو فاسٹ ٹریک امیگریشن – ٹرسٹڈ ٹریولر پروگرام پر رجسٹریشن کی درخواست کرتے ہوئے واٹس ایپ پیغام بھیجنے کا نظام قائم کیا جانا چاہیے۔میٹنگ میں مرکزی داخلہ سکریٹری، ڈائریکٹر انٹیلی جنس بیورو، سکریٹری وزارت شہری ہوا بازی، ڈائریکٹر جنرل سنٹرل انڈسٹریل سکیورٹی فورس اور چیئرمین ایئرپورٹس اتھارٹی آف انڈیا سمیت وزارت داخلہ اور وزارت شہری ہوا بازی کے کئی سینئر افسران شریک ہوئے۔