عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر // شوپیان کے مضافات میں ہفتے کی شام 2دن کے لگاتار آپریشن کے بعد فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز کی بھاری تعداد نے جمعہ علی الصبح سعد پورہ پائین،امشی پورہ،شمسی پورہ، چھانہ پورہ،ہنڈ ہنڈیو اور چک نامی دیہات کا محاصرہ کیا اورہر طرح کی نقل و حرکت مسدود کردی۔مقامی لوگوں سے کہا گیا کہ وہ میوہ باغات کا رخ نہ کریں اور سیکورٹی فورسز نے گھنے باغات میں بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن کا آغاز کیا۔
تلاشیوں کا سلسلہ جمعہ دن بھر جاری رہا اور شام کے وقت فورسز نے باغات میں روشنیوں کا انتظام کیا اور محاصرہ مزید سخت کردیا۔سنیچر کی صبح تلاشی آپریشن دوبارہ شروع کیا گیا جو رات دیر گئے تک جاری رہا۔رات کے قریب پونے نو بجے پہلی بار کچھ فائرنف کی آواز آئی اور اسکے بعد خاموشی طاری ہوئی۔ لیکن ساڑھے نو بجے کے قریب دوبارہ فائرنگ کی آوازیں سنائی دیں اور مقامی آبادی گھروں میں سہم کر رہ گئی۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ رات کے وقت وہ یہ اندازہ لگانے سے قاصر رہے کہ فائرنگ کس نوعیت کی تھی اور کس جگہ پر ہورہی تھی۔ہفتے کی رات دیر گئے تک فائرنگ کے نتیجے میں کوئی ہلاک یا زخمی ہونے کے بعد پولیس کی جانب سے کچھ نہیں بتایا گیا اور یہ پولیس ے فائرنگ ہونے کی کوئی تصدیق کی۔