رمیش کیسر
راجوری//ضلع راجوری میں جھنگڑ ڈے انتہائی جوش و خروش، حب الوطنی اور قومی یکجہتی کے جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ ضلع انتظامیہ راجوری، فوج اور مائی بھارت کی جانب سے وائبرنٹ ولیج بھوانی سے بریگیڈیئر محمد عثمان میموریل جھنگڑ تک ایک عظیم الشان ترنگا واکاتھون کا انعقاد کیا گیا، جس میں سینکڑوں افراد نے شرکت کرکے وطن سے محبت اور قومی اتحاد کا شاندار مظاہرہ پیش کیا۔یہ خصوصی تقریب 1947-48 کی ہند پاک جنگ کے عظیم ہیرو، مہا ویر چکر سے نوازے گئے بریگیڈیئر محمد عثمان، جنہیں ’شیر نوشہرہ‘ کے نام سے یاد کیا جاتا ہے، کی بے مثال قربانیوں اور جرات کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے منعقد کی گئی۔ بریگیڈیئر محمد عثمان نے جھنگڑ اور نوشہرہ کے دفاع میں اپنی جان قربان کرکے تاریخ میں امر مقام حاصل کیا تھا۔ترنگا واکاتھون کو ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری ابھشیک شرما نے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا اور خود بھی مارچ کی قیادت کی۔ اس موقع پر پورا ماحول قومی ترانوں، حب الوطنی کے نعروں اور ترنگے کی شان سے گونج اٹھا۔ شرکاء ہاتھوں میں قومی پرچم تھامے ’بھارت ماتا کی جے‘ اور دیگر حب الوطنی کے نعرے بلند کرتے ہوئے آگے بڑھتے رہے۔
واکاتھون میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نوشہرہ پریتم لال تھاپا، اے ایس پی سردار بلجیت سنگھ، چیف ایگریکلچر آفیسر راجیش ورما،فوج کے افسران، مختلف سرکاری محکموں کے ضلعی و سیکٹورل افسران، اساتذہ، طلبہ، نوجوان رضاکار، سیلف ہیلپ گروپس کی خواتین، آنگن واڑی ورکرس، آشا ورکرس اور مقامی لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔شرکاء کا کہنا تھا کہ بریگیڈیئر محمد عثمان جیسے عظیم سپاہیوں کی قربانیاں ہمیشہ قوم کو متحد رکھنے اور ملک کی حفاظت کے جذبے کو مضبوط کرتی رہیں گی۔ نوجوانوں اور طلبہ میں اس تقریب کے دوران خاصا جوش و خروش دیکھا گیا اور کئی مقامات پر لوگوں نے شرکاء کا استقبال بھی کیا۔بریگیڈیئر محمد عثمان میموریل پہنچنے پر شہید ہیرو کو پھولوں کی چادریں پیش کی گئیں اور ان کی عظیم خدمات کو یاد کیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ 3 جولائی 1948 کو بریگیڈیئر محمد عثمان نے جھنگڑ کے دفاع کے دوران جامِ شہادت نوش کیا، مگر ان کی جرات، بہادری اور قربانی آج بھی بھارتی فوج اور پورے ملک کے لئے ایک روشن مثال ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر ابھشیک شرما نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوم کے بہادر سپاہیوں کی قربانیوں کو یاد رکھنا ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ شہداء کے جذبہ حب الوطنی، فرض شناسی اور قربانی سے سبق حاصل کریں اور ملک کی ترقی و خوشحالی میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ جھنگڑ ڈے جیسے پروگرام نئی نسل کو تاریخ سے جوڑنے اور قومی یکجہتی کے پیغام کو عام کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بریگیڈیئر محمد عثمان کی زندگی قوم کے لئے ایثار، بہادری اور غیر متزلزل عزم کی اعلیٰ مثال ہے۔تقریب کے اختتام پر تمام شرکاء نے ملک کی سالمیت، قومی اتحاد اور بے لوث خدمت کے عہد کی تجدید کی۔ اس موقع پر یہ پیغام بھی دیا گیا کہ قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی اور ان کی سنہری روایات کو ہمیشہ زندہ رکھا جائے گا۔ترنگا واکاتھون نہ صرف حب الوطنی کے جذبے کی عکاس بنی بلکہ اس نے راجوری اور نوشہرہ کے عوام میں قومی اتحاد اور فخر کے جذبات کو مزید مضبوط کر دیا۔ پروگرام کے دوران پورا علاقہ ترنگے کے رنگوں اور حب الوطنی کے نعروں سے گونجتا رہا، جس نے ہر شریک کے دل میں وطن سے محبت کا جذبہ مزید تازہ کر دیا۔