سمیت بھارگو
راجوری //جموں۔راجوری۔پونچھ قومی شاہراہ پر نوشہرہ کے قریب بگنوٹی علاقے میں پیش آئے ایک المناک سڑک حادثے میں ایک پولیس اہلکار فوت جبکہ تین دیگر افراد شدید زخمی ہو گئے۔حادثہ جمعہ کی شام اس وقت پیش آیا جب جموں۔راجوری۔پونچھ قومی شاہراہ پر رواں ایک بس (رجسٹریشن نمبر AR20D-1122)کی بگنوٹی کے قریب ایک کار(رجسٹریشن نمبر DL10C-4885) سے آمنے سامنے زوردار ٹکر ہو گئی۔اس خوفناک تصادم میں پولیس پوسٹ بھوانی میں تعینات اسپیشل پولیس آفیسر (ایس پی او) شبھم کمار چودھری موقع پر ہی فوت ہو گئے، جبکہ کار میں سوار تین دیگر افراد شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر جائے حادثہ سے نکال کر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔زخمیوں کی شناخت راکیش کمار ولد جگدیش راج، ساکن گنیا نوشہرہ، ریناکا چودھری زوجہ راکیش کمار اور سواتی چودھری دختر راجیش کمار کے طور پر ہوئی ہے۔پولیس کے مطابق جاں بحق ہوئے پولیس اہلکار کی لاش کو بعد ازاں سب ڈسٹرکٹ اسپتال نوشہرہ منتقل کیا گیا، جہاں پوسٹ مارٹم کرایا گیا۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔