متعدد سڑکیں بند ،چناب میں پانی کی سطح بلند،کشمیر میں گرمی کی لہر تھم گئی
اشتیاق ملک+عاز جان
ڈوڈہ+بانڈی پورہ// مغربی ہواؤں اور جنوب مغربی مون سون کے امتزاج سے پیدا ہونے والے طاقتور موسمی نظام نے بدھ کے روز جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ شدید بارشوں، بادل پھٹنے، اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات پیش آئے، جبکہ وادی کشمیر میں گزشتہ پانچ روز سے جاری شدید گرمی کا سلسلہ بھی ختم ہوگیا۔
ڈوڈہ
بدھ کی صبح ضلع ڈوڈہ کے بالائی علاقوں، بالخصوص گندوہ بھلیسہ، چلی پنگل اور کاہرہ میں موسلا دھار بارش، ژالہ باری اور متعدد مقامات پر بادل پھٹنے کے واقعات پیش آئے، جس کے نتیجے میں ندی نالوں میں شدید طغیانی آگئی جبکہ کئی علاقوں میں بارش کا پانی رہائشی آبادیوں میں داخل ہوگیا۔شدید بارش کے باعث سب ڈویژن گندوہ کے بالائی علاقوں میں احتیاطی طور پر تعلیمی ادارے بند رکھے گئے، جبکہ بجلی اور پینے کے پانی کی فراہمی بھی بری طرح متاثر رہی۔متعدد علاقوں میں بجلی کی سپلائی معطل ہونے اور واٹر سپلائی سکیموں کو نقصان پہنچنے سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کالجاسر، سیرو، دھریوڑی اور چلی پنگل کے متعدد نالوں میں بادل پھٹنے کے واقعات رونما ہوئے، جس کے باعث ندی نالوں میں اچانک طغیانی آگئی اور کئی مقامات پر زرعی اراضی، کھڑی فصلوں اور باغات کو نقصان مسلسل بارش کے باعث متعدد رابطہ سڑکیں زیر آب آگئیں، جبکہ ٹھاٹھری-کلہوتران شاہراہ سمیت کئی دیہی سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا۔اچانک آنے والے سیلاب سے سڑکوں پر ملبہ جمع ہوگیا، متعدد دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔بھلیسہ علاقے میں شدید بارش کے باعث آنے والے سیلاب سے ٹھاٹھری۔کلہوتران سڑک ملبے تلے دب گئی، جس کے باعث کئی دیہات کا رابطہ منقطع ہوگیا اور متعدد مسافر راستے میں پھنس گئے۔بھٹیاس علاقے میں سرکاری فوڈ سٹوریج ڈیپو بھی سیلابی پانی کی زد میں آگیا، جہاں دو سے تین ٹرک اناج کے برابر ذخیرہ خراب ہونے کی اطلاع ہے۔مقامی لوگوں نے الزام لگایا کہ انتظامیہ کو بروقت اطلاع دینے کے باوجود کئی گھنٹوں تک سڑک کی بحالی کا کام شروع نہیں کیا گیا، جس سے ایمبولینس سمیت ہنگامی خدمات متاثر رہیں۔دوسری جانب بالائی علاقوں میں بارش کے باعث دریائے چناب میں پانی کی سطح خطرے کے نشان سے تقریباً ایک میٹر بلند ہوگئی ہے، جس پر ضلعی انتظامیہ نے ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے لوگوں کو دریا کے کناروں سے دور رہنے کی ہدایت دی ہے۔
اننت ناگ
ادھر جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے لارنو علاقے کے میر محلہ گوری درمن میں بھی اچانک سیلاب آگیا، جس سے ایک سرکاری پرائمری سکول زیرِ آب آگیا۔ سیلاب کے وقت متعدد طلبہ سکول میں موجود تھے، تاہم مقامی لوگوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام طلبہ کو بحفاظت نکال لیا۔ادھر پولیس، ایس ڈی آر ایف اور مقامی انتظامیہ کی ٹیمیں امدادی و بچائو کارروائیوں کے لیے موقع پر روانہ ہو گئی ہیں۔شدید بارش کے باعث عیش مقام بازار اور حضرت زین الدین ولیؒکے مزار کے اطراف بھی پانی جمع ہوگیا، جبکہ پہلگام، کولگام، پلوامہ، شوپیان، بڈگام، گاندربل اور شمالی کشمیر کے بالائی علاقوں میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی۔
تلیل
بدھ کے روز گریز کی تلیل وادی میں بادل پھٹنے سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، جس سے ایک اہم سڑک کو نقصان پہنچا اور کشن گنگا نالہ کے پانی کی سطح میں تیزی سے اضافہ ہوا۔حکام نے بتایا کہ بادل پھٹنے کی وجہ سے زادیگے گاؤں کے قریب زادیگے نالہ کے پانی میں اضافہ ہوا اور کِلشے زادیگے سڑک کو نقصان پہنچا، جس سے علاقے کا رابطہ متاثر ہوا۔ انتظامیہ نے کہا کہ کسی جانی نقصان یا رہائشی املاک کو نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔تحصیلدار تلیل جاوید احمد ڈار نے بتایا کہ ٹیموں کو نقصان کا اندازہ لگانے اور متاثرہ سڑک کو جلد از جلد بحال کرنے کے لیے تعینات کیا جارہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکام کشن گنگا نالے میں پانی کی بڑھتی ہوئی سطح پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں تاکہ مزید کسی خطرے سے بچا جا سکے۔
محکمہ موسمیات
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران سانبہ میں 62.5ملی میٹر، جموں میں 35.8، کٹھوعہ میں 23.8، راجوری میں 19.6 اور کٹرا میں 12 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔بارش کے بعد وادی کشمیر میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئی۔ سرینگر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جو پیر کو 35.5 اور منگل کو 35.3 ڈگری تھا۔محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر مختار احمد نے بتایا کہ 5جولائی تک جموں و کشمیر میں ہلکی سے درمیانی بارش، گرج چمک، تیز ہوائیں، بعض مقامات پر شدید بارش اور ژالہ باری کا امکان برقرار رہے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ شدید بارشوں سے مقامی سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ، پتھر گرنے اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو57روزہ امرناتھ یاترا2026 نے کے خدشات موجود ہیں، جبکہ 5 جولائی کے بعد موسم بتدریج بہتر ہوگا، تاہم 8 جولائی تک کہیں کہیں بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔دن کے درجہ حرارت میں چند ڈگری کمی آنے سے اگلے 3 دنوں کے دوران جاری ہیٹ ویو سے خوش آئند راحت ملے گی۔