عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// وادی کے مختلف علاقوں میں سیاسی و سماجی لیڈران اور کارکنان کا اپنی پارٹی میں شمولیت کا سلسلہ جاری ہے۔ کل بارہمولہ، وچی اور حضرتبل سے تعلق رکھنے والے متعدد سیاسی و سماجی لیڈران اپنے ساتھیوں سمیت پارٹی میں شامل ہوگئے۔ نئے اراکین نے سرینگر میں واقع پارٹی صدر دفتر میں منعقدہ تقریبات کے دوران اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ اس موقع پر پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری اور دیگر سینئر رہنماؤں نے نئے اراکین کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔
ولڈ ٹاؤن بارہمولہ سے شامل ہونے والے افراد کا تعلق پہلے پیپلز کانفرنس اور کانگریس پارٹی سے تھا۔ ان میں پیپلز کانفرنس (پی سی) کے ضلع بارہمولہ کے سابق یوتھ سیکریٹری فراز اشرف اور کانگریس پارٹی کے ضلع بارہمولہ کے جنرل سیکریٹری تنویر احمد میر شامل ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے اپنے اپنے ساتھیوں اور کارکنوں سمیت اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔وچی سے شامل ہونے والوں میں محمد عباس ملک، جمیل قریشی اور شفقت میر شامل ہیں۔ انہوں نے بھی اپنے کارکنوں اور ساتھیوں سمیت اپنی پارٹی کا دامن تھاما۔دریں اثنا، سرینگر کے حلقہ انتخاب حضرت بل سے آئی اے ایس اور کے اے ایس کے معلم رئیس رفیق، علی محمد بٹ، محمد حسین راتھر اور متعدد دیگر افراد اپنی پارٹی میں شامل ہوئے۔