فیاض بخاری
بارہمولہ // وادی کشمیر میں جاری شدید گرمی کی لہر کے دوران ضلع بارہمولہ کے خوبصورت سیاحتی مقام نمبلن آبشار پر نوجوانوں اور سیاحوں کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا۔ شدید گرمی سے نجات حاصل کرنے کے لیے بڑی تعداد میں لوگوں نے آبشار کا رخ کررہے ہیں،جہاں وہ ٹھنڈے اور شفاف پانی میں نہا کر موسم کی شدت سے راحت محسوس کررہے ہیں۔کل صبح سے ہی نمبلن آبشار پر مقامی نوجوانوں، خاندانوں اور دیگر علاقوں سے آنے والے سیاحوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہا۔ نوجوان پانی میں تیرتے، چھلانگیں لگاتے اور آبشار کے قدرتی ماحول سے لطف اندوز ہوتے نظر آئے، جبکہ کئی افراد نے اطراف کی سرسبز پہاڑیوں اور چٹانوں پر وقت گزار کر قدرتی حسن سے محظوظ ہونے کو ترجیح دی۔
مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ نمبلن آبشار اپنی قدرتی خوبصورتی، ٹھنڈے پانی اور پرسکون ماحول کی وجہ سے گرمیوں کے موسم میں لوگوں کی پہلی پسند بن چکا ہے۔ ان کے مطابق ہر سال موسم گرما میں یہاں آنے والوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے کو ملتا ہے، جس سے مقامی سیاحت کو بھی فروغ مل رہا ہے۔سیاحوں نے کہا کہ وادی میں بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے پیش نظر نمبلن آبشار ایک بہترین قدرتی مقام ثابت ہو رہا ہے، جہاں نہ صرف گرمی سے نجات ملتی ہے بلکہ اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ خوشگوار وقت گزارنے کا بھی موقع میسر آتا ہے۔مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اس خوبصورت سیاحتی مقام پر بنیادی سہولیات، صفائی ستھرائی اور حفاظتی انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ آنے والے سیاحوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے سیاحوں سے بھی گزارش کی کہ قدرتی ماحول کو آلودہ کرنے سے گریز کریں، کچرا ادھر اْدھر نہ پھینکیں اور تیز بہاؤ والے پانی میں نہاتے وقت احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔