فیاض بخاری
بارہمولہ // اٹھورہ کریری میں پیر کے روز پینے کے پانی کی شدید قلت کے خلاف مقامی باشندوں نے احتجاج کرتے ہوئے سڑک کو بلاک کر دیا۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ گاؤں میں پانی کی سپلائی فوری طور پر بحال کی جائے، کیونکہ کئی دنوں سے جاری بحران نے عوام کی روزمرہ زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔احتجاجیوں کا کہنا تھا کہ گاؤں کو پانی فراہم کرنے والی موجودہ پائپ لائن متاثر ہونے کے باعث پینے کے پانی کی فراہمی مکمل طور پر درہم برہم ہو گئی ہے۔ ان کے مطابق متعلقہ محکمہ کی جانب سے مسئلے کے مستقل حل کے لیے ابھی تک کوئی مؤثر اقدام نہیں اٹھایا گیا، جس کی وجہ سے خواتین، بزرگوں اور بچوں کو پانی حاصل کرنے کے لیے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
مظاہرین نے زور دے کر کہا کہ پہلے سے موجود واٹر سپلائی پائپ لائن کو فوری طور پر بحال کیا جائے تاکہ گاؤں میں معمول کے مطابق پانی کی فراہمی دوبارہ شروع ہو سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ صاف پینے کے پانی کی عدم دستیابی نے روزمرہ کے معمولات کو متاثر کر دیا ہے اور لوگ بنیادی ضرورت سے بھی محروم ہیں۔احتجاج میں شریک خواتین نے متعلقہ حکام کے خلاف نعرہ بازی کرتے ہوئے کہا کہ اگر پانی کا مسئلہ جلد حل نہ کیا گیا تو وہ اپنا احتجاج مزید وسیع کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ متعدد بار متعلقہ حکام کو اس مسئلے سے آگاہ کیا گیا، لیکن اس کے باوجود کوئی عملی پیش رفت دیکھنے میں نہیں آئی۔آخر میں مظاہرین نے ضلع انتظامیہ اور محکمہ جل شکتی سے اپیل کی کہ وہ فوری مداخلت کرتے ہوئے متاثرہ پائپ لائن کی مرمت یا پرانی پائپ لائن کی بحالی کو یقینی بنائیں تاکہ علاقے کے عوام کو صاف اور محفوظ پینے کا پانی باقاعدگی سے فراہم ہو سکے اور انہیں اس سنگین بحران سے نجات ملے۔