یو این آئی
رائے پور//چھتیس گڑھ کے نکسل متاثرہ علاقوں میں آنے والی تبدیلیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ نکسل واد اور ماؤواد کے خلاف حکومت کی لڑائی اب ترقی، عوامی اعتماد اور گڈ گورننس کی جیت کی شکل میں سامنے آ رہی ہے جن علاقوں میں کبھی خوف اور تشدد کا ماحول تھا، وہاں آج ترقی اور نئے امکانات کا دور شروع ہو چکا ہے چھتیس گڑھ کے محکمہ تعلقاتِ عامہ نےبتایا کہ وزیر اعظم نے کہا کہ ایک وقت تھا جب نکسل متاثرہ علاقوں کے لوگ تحفظ، روزگار اور وقار کو لے کر فکر مند رہتے تھے اور ترقیاتی کاموں کی پرتشدد مخالفت کی جاتی تھی۔ سڑکوں کی تعمیر، مواصلاتی سہولیات کی توسیع اور دیگر منصوبوں میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوششیں کی جاتی تھیں۔ اس کے باوجود، حکومت نے ترقی کو ترجیح دیتے ہوئے ہزاروں کلومیٹر سڑکیں تعمیر کروائیں، موبائل ٹاور نصب کیے اور دور دراز علاقوں تک مواصلاتی سہولیات پہنچائیں۔انہوں نے کہا کہ بینکنگ، ڈاک خدمات اور مالیاتی شمولیت کے ذریعے لوگوں کو ترقی کے دھارے سے جوڑا گیا۔ یہ تبدیلی صرف بنیادی ڈھانچے (انفراسٹرکچر) کی توسیع تک محدود نہیں ہے بلکہ لوگوں کی زندگی میں اعتماد اور مواقع کی وسعت کی علامت ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ نکسل واد کے خلاف لڑائی صرف سکیورٹی آپریشنز تک محدود نہیں رہی، بلکہ عام لوگوں کی امنگوں کو پورا کرنے، سرکاری اسکیموں کا فائدہ آخری شخص تک پہنچانے اور جمہوریت پر اعتماد کو مضبوط کرنے پر بھی مساوی طور پر توجہ دی گئی۔ اسی کا نتیجہ ہے کہ آج نکسل متاثرہ علاقوں میں جمہوری نظام کے تئیں لوگوں کا بھروسہ بڑھا ہے۔بستر کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جہاں کبھی دہشت اور تشدد کا ماحول تھا، وہاں آج نوجوان کھیل، تعلیم اور ترقی کے شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ ‘بستر اولمپکس جیسے ایونٹس میں بڑی تعداد میں نوجوانوں کی شرکت اس مثبت تبدیلی کا ثبوت ہے۔