عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نالین پربھات نے پیر کے روز آنے والی امرناتھ یاترا 2026 کے لیے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے تمام سکیورٹی ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ باہمی رابطے، انٹیلی جنس شیئرنگ اور نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط بنائیں تاکہ سالانہ یاترا کو محفوظ اور پُرامن طریقے سے انجام دیا جا سکے۔جنوبی کشمیر میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی سکیورٹی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈی جی پی نے 3جولائی سے شروع ہونے والی امرناتھ یاترا 2026 کے پیش نظر مجموعی سکیورٹی صورتحال اور تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اجلاس میں فوج کی وکٹر فورس، سی آر پی ایف، بی ایس ایف، آئی ٹی بی پی اور جموں و کشمیر پولیس کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ جنوبی کشمیر کے مختلف اضلاع کے سینئر سپرنٹنڈنٹس آف پولیس (ایس ایس پیز) نے بھی ڈی جی پی کو سکیورٹی صورتحال، انسدادِ ملی ٹینسی کارروائیوں، علاقے میں تسلط برقرار رکھنے کے منصوبوں اور یاترا کے لیے کیے جا رہے انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی۔
افسران نے اجلاس کو بتایا کہ یاتریوں کی حفاظت کے لیے یاترا کے راستوں اور حساس مقامات پر کثیر سطحی سکیورٹی نظام قائم کیا جا رہا ہے۔پولیس سربراہ پربھات نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ مضبوط سکیورٹی گرڈ برقرار رکھیں اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر چوکس رہیں۔ انہوں نے تمام سکیورٹی ایجنسیوں کے درمیان قریبی تال میل اور مشترکہ آپریشنل منصوبہ بندی پر زور دیا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مؤثر جواب دیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ’’یاتریوں کی جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔‘‘ اس مقصد کے لیے نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے، انٹیلی جنس معلومات جمع کرنے کے عمل کو تیز کرنے اور یاترا کے راستوں پر اہلکاروں کی مناسب تعیناتی کی ہدایت دی گئی۔ڈی جی پی نے خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے سکیورٹی فورسز کی کوششوں کو سراہتے ہوئے تمام ایجنسیوں سے یاترا کے کامیاب انعقاد کے لیے باہمی تعاون کے ساتھ کام کرنے کی اپیل کی۔
دریں اثنا، جموں و کشمیر پولیس نے یاترا کے دوران سری نگر-جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی آمد و رفت کو منظم بنانے کے لیے تفصیلی ٹریفک ایڈوائزری جاری کی ہے۔ایڈوائزری کے مطابق یاترا کے دوران کشمیر سے جموں جانے والی کوئی بھی سول گاڑی صبح 11:30 بجے کے بعد نویوگ ٹنل عبور نہیں کر سکے گی، جبکہ جموں سے کشمیر آنے والی گاڑیوں کو سہ پہر 3 بجے کے بعد ٹنل پار کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
اس کے علاوہ مختلف مقامات پر کٹ آف اوقات بھی مقرر کیے گئے ہیں۔ سری نگر اور اننت ناگ جانے والی گاڑیوں کو شام 4 بجے تک میر بازار عبور کرنا ہوگا، جبکہ بالتل بیس کیمپ جانے والی گاڑیوں کے لیے یہ وقت شام 5 بجے مقرر کیا گیا ہے۔
پانتھہ چوک پر گاندربل اور بارہمولہ کی جانب جانے والی گاڑیوں کے لیے سہ پہر 3 بجے جبکہ اننت ناگ کی طرف جانے والی گاڑیوں کے لیے بھی یہی وقت مقرر کیا گیا ہے۔اسی طرح منی گام اور شمالی کشمیر کی جانب جانے والی گاڑیوں کو شاد پورہ ساڑھے 3 بجے تک عبور کرنا ہوگا، جبکہ سری نگر جانے والی گاڑیوں کے لیے دوپہر 1 بجے تک کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔ مانی گام میں بالتل جانے والی گاڑیوں کے لیے شام 5 بجے جبکہ سری نگر اور شمالی کشمیر کی طرف جانے والی گاڑیوں کے لیے دوپہر 12 بجے تک کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔
پولیس نے سیاحوں، یاتریوں اور مقامی مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے سفر کی منصوبہ بندی ان اوقات کو مدنظر رکھتے ہوئے کریں، ٹریفک حکام کی ہدایات پر عمل کریں اور یاترا کے دوران سرکاری ٹریفک ایڈوائزریز سے باخبر رہیں۔
امرناتھ یاترا :پولیس سربراہ پربھات نے انتظامات کا لیا جائزہ، فورسز کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت