مشتاق الحسن +فیاض بخاری
ٹنگمرگ+بارہمولہ// اتوار کے روز سب ڈوثرن ٹنگمرگ میں موسم نے تین مقامات پر تین رخ بدلے۔ گلمرگ کی چوٹیوں پر ہلکی تازہ برفباری، گلمرگ میں قہر انگیز ژالہ بھاری اور ٹنگمرگ کے گردونواح میں تیز بارشیں ہوئیں۔ 21جون کو سال کا لمبا دن ہوتا ہے اور موسم نے اسی دن تین مقامات پر تین رخ بدلے ۔جہاں گلمرگ کی چوٹیوں پر ہلکی تازہ برفباری ہوئی وہیں گلمرگ میں قہر انگیز ژالہ بھاری ہونے سے گلمرگ کے میدان سفید ہوگئے۔ ٹنگمرگ کے گردونواح میں تیز بارشیں ہوئیں۔ مقامی لوگوں کے مطابق انہوں نے پہلی بار اتنی شدت کی ژالہ باری کا مشاہدہ کیا ہے ،یہاں کچھ دیر تک شدید ژالہ باری کا سلسلہ جاری رہا۔ عمومی طور پر گلمرگ میں برفباری ہوتی ہے لیکن اتوار کو گلمرگ کے میدانی علاقوں میں شدید ژالہ باری ریکارڈ کی گئی۔ادھربارہمولہ کے نوپورہ علاقے میں بادل پھٹنے سے اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہوئی۔ نوپورہ جاگیر میں اتوار کے روز اچانک بادل پھٹنے کے نتیجے میں شدید سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی، جس سے مٹیالا پانی اور بھاری مقدار میں ملبہ رہائشی علاقوں میں داخل ہو گیا۔شدید بارش
کے بعد پہاڑی نالوں میں طغیانی آ گئی، جس کے باعث سیلابی ریلے نے نوپورہ کے متعدد محلوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ سیلابی پانی کے ساتھ آنے والی مٹی، پتھروں اور کیچڑنے گھروں، صحنوں اور رابطہ سڑکوں کو متاثر کیا، جس سے مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔اطلاع ملتے ہی مقامی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ حکام کے مطابق نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے جبکہ متاثرہ علاقوں سے ملبہ ہٹانے اور نکاسی آب کو بحال کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔