نوجوانوں کی زراعت میں بڑھتی دلچسپی خوش آئند:وزیر زراعت
سرینگر//وادی کشمیر کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے تقریبا 750 کسانوں نے ہفتہ کے روزسکاسٹ میں وزیر اعظم کے پی ایم کسان پروگرام کی براہ راست ویب کاسٹ میں شرکت کی۔ یہ پروگرام پردھان منتری کسان سمان ندھی اسکیم کے تحت 23ویں قسط کے اجرا کے موقع پر منعقد کیا گیا۔قومی سطح پر منعقدہ پروگرام میں وزیر اعظم نریندر مودی نے مغربی بنگال کے تراکیسورمیں منعقدہ تقریب کے دوران ڈائریکٹ بینیفٹ ٹرانسفر (DBT) کے ذریعے ملک بھر کے 9.44 کروڑ سے زائد کسانوں کے لیے 18,880 کروڑ روپے جاری کیے۔سکاسٹ میں منعقدہ ویب کاسٹ پروگرام میں 510 مرد اور 240 خواتین کسانوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر زرعی شعبے کی مضبوطی اور کسانوں کی آمدنی میں بہتری کے لیے حکومت کی مختلف فلاحی اسکیموں اور اقدامات کو بھی اجاگر کیا گیا۔
تقریب میں جموں و کشمیر کے وزیر برائے زراعت، دیہی ترقی، پنچایتی راج، کوآپریٹوز اور انتخابات جاوید احمد ڈارنے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے پی ایم کسان اسکیم کو ایک انقلابی اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے نے ملک بھر کے کسانوں کو بروقت مالی معاونت فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے زراعت کے شعبے میں نوجوانوں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کو خوش آئند قرار دیا اور کسانوں پر زور دیا کہ وہ فلیگ شپ پروگراموں سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں۔اس موقع پر سکاسٹ کے وائس چانسلر نذیر احمد گنائی نے کسان دوست اسکیموں کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ زرعی اداروں کا کردار سائنسی معلومات کو کھیتوں تک پہنچانے اور جدید زرعی ٹیکنالوجی کو عملی طور اپنانے میں نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے تحقیق، جدت طرازی اور توسیعی خدمات کے ذریعے مکمل تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔