عظمیٰ نیوز سروس
جموں//جموں و کشمیر کے معروف صنعت کار اور آٹو موبائل شعبے کی ممتاز شخصیت سنجے اگروال کو چین کے شہرشنگھائی میں منعقدہ ایک باوقار تقریب کے دوران جگرن پرکاشن گروپ کی جانب سے معزز’جاگرن اچیور ایوارڈ‘سے نوازا گیا۔یہ اعزاز ان کی آٹو موبائل صنعت، کاروباری قیادت اور سماجی و تجارتی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔ جگرن اچیور ایوارڈ ایک عالمی سطح کا باوقار اعزاز ہے جس کا مقصد مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے والے بھارتی نژاد پیشہ ور افراد، صنعت کاروں اور سماجی تبدیلی کے علمبرداروں کو سراہنا ہے۔
ایوارڈ تقریب میں بھارت کے قونصل جنرل(پی آئی سی) ادتیہ ڈی پربھو ڈیسائی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر جاگرن پرکاشن لمیٹڈ کے سینئر عہدیدارن بھی موجود تھے۔سنجے اگروال اس وقت جموں موٹرس پرائیویٹ لمیٹیڈکے منیجنگ ڈائریکٹر اورفیڈریشن آف آتو موبائل ڈیلرس ایسوسی ایشن کے ریاستی چیئرمین کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ آٹو موبائل ریٹیل اور ڈیلرشپ شعبے میں تین دہائیوں سے زائد تجربہ رکھنے والے سنجے اگروال نے جموں و کشمیر میں آٹو موبائل کاروبار کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔1997میں قائم ہونے والی جموں موٹرز پرائیویٹ لمیٹڈ ان کی قیادت میں خطے کے نمایاں آٹو موبائل ڈیلرشپ گروپس میں شمار ہوتی ہے اور یہ معروف کمپنی ماروتی سوزوکی سمیت کئی بڑی آٹو موبائل برانڈز سے وابستہ ہے۔سنجے اگروال کو 2024 سے 2026 کی مدت کے لیے نئی دہلی میں 60ویں سالانہ جنرل میٹنگ کے دوران متفقہ طور پر تیسری مرتبہ ریاستی چیئرمین منتخب کیا گیا، جو آٹو موبائل ڈیلرز برادری کے ان پر اعتماد کا مظہر ہے۔