عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//ڈائریکٹر زراعت کشمیر سرتاج احمد شاہ نے کھیت بچائو ابھیان کے تحت ڈائریکٹوریٹ ایک بیداری مہم کی قیادت کی۔ پروگرام کا انعقاد چیف ایگریکلچر آفیسر سرینگر اعجاز حسین ڈارکی جانب سے کیا گیا۔اس موقع پر محکمہ زراعت کے افسران و اہلکاروں، ترقی پسند کسانوں اور طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکا کو مہم کے مقاصد اور آئندہ نسلوں کے لیے زرعی اراضی کے تحفظ کی اہمیت سے آگاہ کیا گیا۔پروگرام کے دوران شجرکاری مہم بھی منعقد کی گئی، جس میں ڈائریکٹر زراعت، محکمہ کے افسران، کسانوں اور طلبہ نے ڈائریکٹوریٹ کے احاطے میں پودے لگائے۔ اس اقدام کے ذریعے ماحولیاتی تحفظ، ماحولیاتی پائیداری اور سرسبز مستقبل کے لیے محکمہ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر زراعت نے کھیت بچا ابھیان کے تمام مقاصد پر مثر عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے زمین کی صحت برقرار رکھنے اور پائیدار زرعی پیداوار کو یقینی بنانے کے لیے کھادوں کے متوازن اور دانشمندانہ استعمال کی اہمیت کو اجاگر کیا۔انہوں نے مائع کھادوں، نامیاتی کھادوں اور قدرتی کاشتکاری کے طریقوں کو اپنانے کی وکالت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے زمین کی زرخیزی میں اضافہ، کیمیائی اجزا پر انحصار میں کمی اور موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ زرعی نظام کو فروغ ملے گا۔ڈائریکٹر زراعت نے کسانوں میں حکومت کی مختلف فلاحی اور زرعی اسکیموں کے بارے میں وسیع پیمانے پر بیداری پیدا کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے خاص طور پرپی ایم کسان سکیم اور کسان کریڈٹ کارڈ پروگرام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اہل کسانوں کو ان اسکیموں سے بھرپور فائدہ پہنچانے کے لیے زمینی سطح پر آگاہی مہمات کو مزید تیز کیا جانا چاہئے۔انہوں نے فیلڈ عملے پر زور دیا کہ وہ کسانوں کے ساتھ رابطے مضبوط بنائیں اور دیہی علاقوں میں رسائی کی سرگرمیوں میں اضافہ کریں تاکہ حکومتی اسکیموں کے فوائد زیادہ سے زیادہ مستحق کسانوں تک پہنچ سکیں۔پروگرام کے اختتام پر تمام شرکا نے زرعی اراضی کے تحفظ، پائیدار زرعی طریقوں کے فروغ، قدرتی وسائل کے تحفظ اور کشمیر کے زرعی شعبے کی ہمہ جہت ترقی کے لیے مشترکہ عہد کا اعادہ کیا۔