عشرت حسین بٹ
پونچھ/ضلع پونچھ کے سرنکوٹ علاقے کے پھاگلہ میں منگل کے روز موسلادھار بارش کے باعث سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی، جس کے نتیجے میں مقامی ندی نالوں اور آبی گزرگاہوں میں پانی کی سطح اچانک بلند ہوگئی اور سیلابی پانی رہائشی علاقوں میں داخل ہوگیا، جس سے معمولاتِ زندگی متاثر ہو کر رہ گئے۔مقامی ذرائع کے مطابق شدید بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی اور پانی تیزی سے آبادی والے نشیبی علاقوں میں داخل ہوگیا، جس سے کئی رہائشی علاقوں میں پانی بھر گیا۔
گھروں اور صحنوں میں پانی داخل ہونے کے بعد مکینوں کو حفاظتی نقطۂ نظر سے محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہونا پڑا، جبکہ مزید سیلاب کے خدشات کے پیش نظر لوگوں میں تشویش پائی جارہی ہے۔پانی کی سطح میں اچانک اضافے کے باعث مقامی لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ کئی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور نالوں کے ابل پڑنے سے آمد و رفت بھی متاثر ہوئی۔
مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ سیلابی صورتحال کے باعث روزمرہ کی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوئی ہیں اور املاک، گھریلو سامان اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچنے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔علاقے میں صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے جبکہ مقامی لوگ بارش سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لینے میں مصروف ہیں۔
یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں مسلسل خراب موسمی حالات برقرار ہیں۔ محکمہ موسمیات نے پہلے ہی وقفے وقفے سے شدید بارش، گرج چمک اور حساس علاقوں میں اچانک سیلاب آنے کے امکانات سے خبردار کیا تھا۔
پونچھ کے پھاگلہ علاقے میں موسلادھار بارش کے بعد سیلاب جیسی صورتحال، ندی نالوں میں طغیانی