یو این آئی
نئی دہلی//ملک میں گاڑیوں کی مانگ میں گزشتہ سال ستمبر سے جاری تیزی اب بھی برقرار ہے اور گاڑیوں کی خوردہ فروخت نے مئی کے مہینے کے پچھلے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔گاڑیوں کے ڈیلرز کی تنظیم ‘فاڈا’ کی جانب سے گاڑیوں کی رجسٹریشن کی بنیاد پر پیر کو جاری کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس سال مسافر گاڑیوں، تھری وہیلرز، ٹریکٹروں اور مجموعی فروخت کا مئی کا نیا ریکارڈ قائم ہوا ہے۔ گاڑیوں کی کل فروخت 25,31,067 یونٹس درج کی گئی، جو گزشتہ سال مئی کے مقابلے میں 9.55 فیصد زیادہ ہے، حالانکہ اس سال اپریل (27.14لاکھ)کے مقابلے میں یہ 6.75 فیصد کم ہے۔ایک اور خاص بات یہ رہی کہ پہلی بار کل فروخت میں الیکٹرک گاڑیوں کا حصہ 11 فیصد سے اوپر پہنچ گیا ہے۔مئی میں مسافر گاڑیوں کی فروخت، جس میں کاریں، یوٹیلیٹی گاڑیاں اور وین شامل ہیں، سالانہ بنیاد پر 23.25 فیصد بڑھ کر 4,02,591 یونٹس رہی۔
تھری وہیلرز کی فروخت 3.56 فیصد کے اضافے کے ساتھ 1,11,526 یونٹس پر اور ٹریکٹروں کی فروخت 11.17 فیصد بڑھ کر 83,092 یونٹس پر رہی۔ٹو وہیلرز (دو پہیہ گاڑیوں)کی فروخت 7.54 فیصد بڑھی اور مئی میں 18,44,947 یونٹس ہو گئی۔ کمرشل گاڑیوں کی فروخت 5.29 فیصد بڑھی اور 83,823 یونٹس درج کی گئی۔ اس میں 7.66 فیصد کے اضافے کے ساتھ ہلکی کمرشل گاڑیوں کی کارکردگی سب سے بہتر رہی۔فاڈا کے صدر سی۔ ایم۔ وگنیشور نے ان اعداد و شمار پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطی (مغرب ایشیا) کے بحران کے باوجود مئی میں گاڑیوں کی فروخت شاندار رہی۔ ٹو وہیلرز کی فروخت شہری علاقوں میں 11.75 فیصد بڑھی ہے جبکہ دیہی علاقوں میں 4.74 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ ٹو وہیلرز میں ای وی کا حصہ 9.25 فیصد بڑھ گیا ہے، جو ایک سال پہلے 6.11 فیصد پر تھا۔دوسری طرف، مسافر گاڑیوں کی فروخت دیہی علاقوں میں زیادہ تیزی سے بڑھی۔ وہاں اس کی شرح نمو 30.35 فیصد رہی جبکہ شہری علاقوں میں یہ 18.80 فیصد درج کی گئی۔ اس میں بھی سی این جی کا حصہ بڑھ کر 23.34 فیصد اور ای وی کا حصہ 6.63 فیصد پر پہنچ گیا۔ وگنیشور نے کہا کہ مجموعی طور پر مئی میں متبادل ایندھن والی گاڑیوں کا حصہ 38 فیصد رہا۔ مجموعی طور پر گاڑیوں کی فروخت میں ای وی کا تعاون پہلی بار 11 فیصد کے پار پہنچا۔