یو این آئی
نئی دہلی//تجارت، مہمان نوازی، ٹرانسپورٹ اور دفاع کے شعبوں کی اچھی کارکردگی کی بدولت مالی سال 2025-26میں مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی)کی نمو کی شرح 7.7 فیصد رہی۔ یہ 2022-23 کو بنیادی سال مان کر شروع کی گئی نئی سیریز میں سب سے تیز نمو ہے۔ شماریات کے مرکزی دفتر کی طرف سے جمعہ کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، مالی سال 2023-24 میں جی ڈی پی نمو کی شرح 7.2 فیصد اور 2024-25میں (پہلا نظرثانی شدہ تخمینہ)7.1فیصد رہی تھی۔سرکاری تخمینے میں کہا گیا ہے کہ 31 مارچ کو ختم ہونے والے گزشتہ مالی سال میں حقیقی جی ڈی پی 323.12 لاکھ کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔
یہ ایک سال پہلے 299.89 لاکھ کروڑ تھی۔ موجودہ قیمتوں پر مبنی نومنل جی ڈی پی یا علامتی جی ڈی پی 346.36 لاکھ کروڑ روپے رہی، جو سالانہ 8.9 فیصد کی نمو کو ظاہر کرتی ہے۔ مالی سال 2025-26 کی چوتھی سہ ماہی میں مستحکم قیمتوں پر مبنی حقیقی جی ڈی پی نمو کی شرح 7.8 فیصد رہی اور یہ 87.77 لاکھ کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔ تیسری سہ ماہی میں نمو کی شرح آٹھ فیصد، دوسری سہ ماہی میں 8.3 فیصد اور پہلی سہ ماہی میں 6.8 فیصد رہی تھی۔ چوتھی سہ ماہی میں نومنل جی ڈی پی 9.1 فیصد بڑھ کر 94.65 لاکھ کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔