عاصف بٹ
کشتواڑ//دو روز تک موسم میں بہتری کے بعد ضلع کشتواڑ اور اس کے گرد و نواح میں ایک بار پھر موسم نے کروٹ لی ۔جہاں میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا ہے وہیں بالائی علاقوں میں تازہ برفباری ریکارڈ کی جا رہی ہے جس کے باعث ضلع بھر میں معمولاتِ زندگی متاثر ہوگئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق بدھ کی صبح سے ہی بالائی علاقوں میں برفباری جبکہ میدانی علاقوں میں بارشوں کا آغاز ہوا جو دیررات تک جاری تھا۔برفباری کے سبب جہاں درجہ حرارت میں قدرے گراوٹ درج کی گئی وہیںمیدانی علاقوں میں بھی سردی کی لہر پائی گئی۔واڑون مڑواہ و دچھن کے اوپری علاقوں میں کئی انچ تازہ برفباری ہوئی۔سنتھن ٹاپ و مرگن ٹاپ پر بھی تازہ برفباری درج کی گئی جس کے پیش نظر انتظامیہ نے احتیاطی تدابیر کے طور پر سنتھن اور مرگن شاہراہوں کو ہر قسم کی آمد و رفت کے لیے بند کر دیا ہے۔ انتظامیہ نے عوام، خاص طور پر مسافروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسمی حالات بہتر ہونے تک احتیاط برتیں۔میدانی علاقوں میں دن بھر بارشیں ہوتی رہی۔ مسلسل بارشوں کے باوجود قصبہ میں بھاری بھیڑ دیکھنے کو ملی جہاں لوگ عیدالفطر کی خریداری میں مشغول تھے۔