زاہدبشیر
گول//گول میں ماہِ مبارک کے آغاز کے ساتھ ہی انتظامیہ کی جانب سے بازار میں خصوصی مارکیٹ چیکنگ مہم چلائی گئی۔ اس اقدام کا مقصد اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو قابو میں رکھنا، ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کی روک تھام کرنا اور عوام کو معیاری اشیاء کی فراہمی یقینی بنانا تھا۔انتظامی ٹیم جس میں نائب تحصیلدار گول۔ ٹی ایس او گول وغیرہ شامل تھے نے مرکزی بازار اور ملحقہ مارکیٹوں کا دورہ کیا، جہاں سبزی فروشوں، قصابوں اور دیگر دکانوں کا معائنہ کیا گیا۔ اس دوران ریٹ لسٹیں چیک کی گئیں اور دکانداروں کو سرکاری نرخنامہ نمایاں جگہ پر آویزاں کرنے کی ہدایت دی گئی۔
زائد قیمت وصول کرنے اور ناقص صفائی کی صورت میں بعض دکانداروں کو وارننگ دی گئی جبکہ چند کے خلاف موقع پر کارروائی بھی عمل میں لائی گئی۔حکام نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور مناسب قیمتوں کو یقینی بنانے کے لیے یہ مہم مسلسل جاری رہے گی۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ اگر کوئی دکاندار مقررہ نرخوں سے زائد قیمت وصول کرے تو فوری طور پر انتظامیہ کو اطلاع دیں۔عوام نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ انتظامیہ کی نگرانی سے قیمتوں میں استحکام آئے گا اور عوام کو ریلیف ملے گا۔