محمد تسکین
بانہال // ممبر اسمبلی بانہال۔گول، سجاد شاہین نے بانہال میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ برف صاف کرنے کے لیے پی ڈبلیو ڈی اور پی ایم جی ایس وائی کی جانب سے نامعقول مشینری تعینات کی گئی ہے اور ٹھیکیداروں کو ایک ایک مشین کے ساتھ کئی کئی سڑکوں کی بحالی کا ٹھیکہ دیا گیا ہے، جو بحالی کے کام میں تاخیر کا باعث بن رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور نائب وزیر اعلیٰ کے ساتھ مشاورت کی ہے تاکہ بانہال میں مکینیکل ڈویژن کا قیام عمل میں لایا جا سکے، جس کے لیے بنیادی کاغذی کارروائی جاری ہے۔ سجاد شاہین نے کہا کہ آئندہ سڑکوں کی بحالی کے لیے ٹھیکیداری نظام کو ختم کیا جائے گا اور سنو کٹر مشینیں خرید کر برفباری کے دوران عوام کو درپیش مشکلات کا مستقل حل نکالا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ اب تک 80فیصد سڑکیں اور بجلی بحال کی جا چکی ہے، جبکہ دور دراز علاقوں میں بجلی اور سڑکوں کی مکمل بحالی کا کام آئندہ 48گھنٹوں میں مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ بانہال اور گول کے علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے کاموں کی وہ خود نگرانی کر رہے ہیں اور برفباری کے دوران متعدد علاقوں کا دورہ کر کے بحالی کے کاموں کا جائزہ لیا ہے۔