محمد تسکین
بانہال // خراب موسمی صورتحال، جموں ۔ سرینگر قومی شاہراہ اور فضائی پروازوں کی معطلی کے باعث شری ماتا ویشنو دیوی کٹرہ ریلوے سٹیشن اور سرینگر کے درمیان مسافروں کے غیر معمولی رش کو مدنظر رکھتے ہوئے شمالی ریلوے کے جموں ریلوے ڈویژن نے منگل اور آج یعنی بدھ کیلئے دو خصوصی ریل سروس چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔اسی سلسلے میں منگل کے روز دو خصوصی ریزرو ٹرینیں سینکڑوں مسافروں کو لے کر کٹرہ سے سرینگر اور سرینگر سے کٹرہ کے درمیان چلائی گئیں ۔سٹیشن ماسٹر ریلوے سٹیشن بانہال عبدالبصیر بالی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ برفباری کے باوجود بانہال اور وادی کشمیر کے درمیان ریل ٹریفک معمول کے مطابق چلتا رہا۔ انہوں نے کہا منگل کی صبح اور دوپہر بعد کٹراہ اور سرینگر اور واپسی میں دو خصوصی ریل گاڑیوں کو چلایا اور سڑک اور پروازوں کی معطلی کے باعث سینکڑوں مسافروں اور سیاحوں کو راحت نصیب ہوئی۔