اشتیاق ملک
ڈوڈہ //گذشتہ روز ڈوڈہ ضلع کے بالائی علاقوں میں تیز ہواؤں و طوفانی آندھی سے جہاں درجنوں رہائشی مکانات و سرکاری عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے وہیں بھاری تعداد میں پھلدار درخت و پیڑ پودے گر گئے ہیں تاہم اس دوران کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔اطلاعات کے مطابق جمعرات و جمعہ کی شام کو گندوہ بھلیسہ، چلی پنگل ،کاہرہ ،بونجواہ، ٹھاٹھری چرالہ، عسر مرمت، بھدرواہ چرالہ و دیگر مضافات میں تیز ہواؤں و آندھی سے درجنوں رہائشی و غیر رہائشی مکانات کی چھتیں اڑ گئیں ہیں اور کئی کنبے بے گھر ہوئے ہیں۔اس دوران بجلی کے ترسیلی نظام کو بھی بھاری نقصان پہنچا ہے اور متعدد علاقوں میں ترسیلی نظام و کھمبے اکھڑ گئے جبکہ کئی پھلدار درخت و دیگر پیڑ پودے بھی گر گئے ہیں۔ایس ڈی ایم گندوہ ارون کمار بڈیال نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سب ڈویژن بھلیسہ میں ابھی تک تیس کے قریب مکانات کو نقصان پہنچنے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔انہوں نے کہا فیلڈ عملہ و متعلقہ محکموں کو متاثرین کی بازآبادکاری کے لیے ہدایات دیں گئیں۔ ایڈیشنل ڈی سی ڈوڈہ انل ٹھاکر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ابھی تک 27مکانات و غیر رہائشی عمارتوں کی چھتیں اڑنے کی رپورٹ آئی ہے تاہم انہوں نے کہا کہ خراب موسم کے دوران نقصانات کا تخمینہ لگانا بھی مشکل ہے لیکن اس کے باوجود ضلع میں و سب ڈویژنل ہیڈکواٹرز پر سیول و پولیس انتظامیہ نے کنٹرول رومز و ایمرجنسی سروسز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔