محمد تسکین
بانہال// ضلع رام بن کے علاقوں میں منگل کی صبح سے ہی تیسرے روز بھی موسم مجموعی طور پر ابرآلود تھا اور سہ کے قریب بانہال کے کئی نچلے علاقوں میں بارشوں کی ہلکی ہلکی چھینٹیں ہوئیں جبکہ پیر پنچال کے پہاڑوں پر تازہ برفباری ہوئی ۔ جواہر ٹنل ، نوگام ، چنجلو ، چنگ مال ، کھڑی ، نیل اور پوگل پرستان سے ہوکر گزرنے والے پیر پنجال کے پہاڑوں پر منگل کی دو پہر بعد ہلکی ہلکی برف کی ایک چادر بچھ گئی ہے جس کی وجہ سے درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی ہے اور سردی میں اضافہ ہوا ہے۔ اس دوران جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی دو طرفہ نقل و حرکت بغیر کسی کے جاری ہے اور منگل کی صبح سے شام تک ہزاروں کی تعداد میں مسافر اور مال گاڑیوں نے شاہراہ پر سفر کیا۔