عظمیٰ ویب ڈیسک
متھرا /متھرا میں یمنا ایکسپریس وے پر منگل کی علی الصبح سات بسوں اور تین دیگر گاڑیوں کے آپس میں ٹکرانے کے بعد متعدد گاڑیوں میں آگ لگنے سے جھلس کر 13 افراد کی موت ہو گئی۔ پولیس حکام نے یہ اطلاع دی۔ حکام کے مطابق اس حادثے میں 25 دیگر افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ یہ حادثہ صبح تقریباً ساڑھے چار بجے یمنا ایکسپریس وے پر تھانہ بلدیو کے علاقے میں پیش آیا، جہاں شدید دھند کے باعث کم از کم سات بسیں اور تین چھوٹی گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ متھرا کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس شلوک کمار نے کہا، آگرہ سے نوئیڈا کی طرف جا رہی گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔انہوں نے بتایا کہ غالباً گھنی دھند کے باعث کم دکھائی دینے کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔ کمار نے کہا کہ اطلاع ملتے ہی پولیس اور انتظامیہ کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور تمام زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ تھانہ بلدیو کی انچارج رنجنا سچان نے بتایا، ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 13 ہو گئی ہے، جن میں سے اب تک صرف دو افراد کی شناخت ہو سکی ہے۔
ان کی شناخت پریاگ راج کے رہائشی اکھلندر پرتاپ یادو (44) اور مہاراج گنج ضلع کے رہائشی رام پال (75) کے طور پر ہوئی ہے۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تمام افراد کی موت گاڑیوں میں آگ لگنے کے بعد جھلسنے کی وجہ سے ہوئی۔ سچان کے مطابق زخمیوں میں سے 15 کو ضلع اسپتال، 9 کو بلدیو کے کمیونٹی ہیلتھ سینٹر، 9 کو ایک نجی اسپتال اور 2 کو آگرہ کے ایس این میڈیکل کالج میں داخل کرایا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مسافروں کو سرکاری گاڑیوں کے ذریعے ان کی منزل تک پہنچایا گیا۔ سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ حادثے کے باعث عارضی طور پر ٹریفک کا رخ بھی تبدیل کیا گیا ہے۔ متھرا پولیس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” پر ایک بیان میں کہا، آج تقریباً ساڑھے چار بجے یمنا ایکسپریس وے پر آگرہ سے نوئیڈا کی جانب مائل اسٹون 127 پر شدید دھند کے باعث کم دکھائی دینے کی وجہ سے سات بسیں اور تین گاڑیاں حادثے کا شکار ہو گئیں۔پولیس نے مزید کہا، زخمی افراد کو ابتدائی علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ زخمیوں میں کوئی بھی شدید زخمی نہیں ہے۔ انہیں بہترین ممکنہ علاج فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ دیگر مسافروں کو سرکاری گاڑیوں کے ذریعے ان کی منزل تک بھیجا جا رہا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق ٹکر اتنی شدید تھی کہ حادثے کا شکار بسوں میں آگ لگ گئی، جس پر قابو پانے کے لیے موقع پر فائر بریگیڈ کی گاڑیاں روانہ کی گئیں۔ حادثے میں ہونے والی اموات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے “ایکس” پر پوسٹ میں کہا، جنپد متھرا میں یمنا ایکسپریس وے پر سڑک حادثے میں ہونے والی جانی نقصان نہایت افسوسناک اور دل دہلا دینے والی ہے۔ میری ہمدردیاں غم زدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے کہا، ضلعی انتظامیہ کے افسران کو زخمیوں کے مناسب علاج کی ہدایات دی گئی ہیں۔ پرابھو شری رام سے دعا ہے کہ مرحومین کو اپنے چرنوں میں جگہ عطا فرمائیں اور زخمیوں کو جلد صحت یاب کریں۔ دریں اثنا، وزیر اعلیٰ کے دفتر (سی ایم او) نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ نے ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کو فی کس دو لاکھ روپے اور زخمیوں کو فی کس پچاس ہزار روپے کی مالی امداد دینے کی بھی ہدایت دی ہے۔سی ایم او نے ’ایکس‘پر ایک پوسٹ میں کہا، وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے جنپد متھرا میں پیش آنے والے سڑک حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے جانی نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے، مرحومین کے لواحقین سے تعزیت کی ہے اور حکام کو ہدایت دی ہے کہ زخمیوں کا فوری، مناسب اور بلا معاوضہ علاج یقینی بنایا جائے اور انہیں ہر ممکن مدد فراہم کی جائے۔