سرینگر میں دوسری سرد ترین رات ریکارڈ، شوپیان میں منفی 5.4درج
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//کشمیر میں سردی کی لہر شدت اختیار کر گئی ہے کیونکہ پیر کے روز کشمیر کے بیشتر حصوں میں کم سے کم درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا، کئی مقامات پر اب تک سیزن کی سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی۔پوری وادی میں پچھلے کئی روز سے کم از کم درجہ حرارت نقطہ انجماد سے کئی ڈگری نیچے ریکارڈ ہورہا ہے۔محکمہ موسمیات نے منگل کو بتایاکہ سرینگر شہر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.1 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو اس موسم سرما کی دوسری سرد ترین رات تھی۔ گزشتہ رات کم از کم درجہ حرارت منفی 3.2 ڈگری سیلسیس پر طے ہوا تھا۔جنوبی کشمیر کا شوپیان قصبہ وادی میں سب سے سرد مقام تھا اور یہاں کم از کم درجہ حرارت منفی 5.4 ڈگری سیلسیس تک گر گیا اور اس کے بعد پلوامہ میں کم سے کم درجہ حرارت نقطہ انجماد سے پانچ ڈگری نیچے رہا۔ پہلگام، جو وادی میں امرناتھ یاترا کے لیے دو بیس کیمپوں میں سے ایک کے طور پر کام کرتا ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جب کہ شمالی کشمیر کے گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔زوجیلا میں، وادی کشمیر کو مرکز کے زیر انتظام علاقہ لداخ سے جوڑنے والا پاس، کم سے کم درجہ حرارت منفی 16 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔شمالی کشمیر میں بارہمولہ میں منفی4.3 ، رفیع آبادمیں4.1، کپواڑہ میں3.4، بانڈی پورہ میں3.8 اور سونمرگ میں3.8 ریکارڈ کیا گیا۔ قاضی گنڈ میں منفی3.0 ، جبکہ کوکرناگ میں منفی0.4 پر نسبتاً ہلکا تھا۔ زوجیلا پاس میں منفی16.0 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ سرد ترین مقام رہا۔جنوبی کشمیر میں، کولگام میںمنفی1.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔جموں خطے میں درجہ حرارت جموں سے اوپر رہا، جموں شہر میں 9.8 ، کٹرہ 9.1 ، اور بانہال جیسے بالائی علاقوں میںمنفی0.5 اور بھدرواہ میں منفی 0.4 تک گر گیا۔ادھر، لیہہ میںمنفی8.5 ، اورکرگل میں منفی 8.8 ، اور نوبر میں منفی 6.6 درج کیا گیا۔وادی کشمیر اکتوبر سے طویل خشک موسم سے گزر رہی ہے ۔ یہاں اگلے ہفتے بھی موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔