یو این آئی
گُوہاٹی/گوہاٹی ٹیسٹ میں ہندوستانی ٹیم مشکلات میں گھر گئی، ایک بار پھر ہوم گراؤنڈ میں وائٹ واش کا خطرہ منڈلانے لگا۔ جنوبی افریقہ نے میچ کے چوتھے دن اپنی دوسری اننگز پانچ وکٹ پر 260 رنز پر ڈکلیئر کرکے ہندوستان کو جیت کے لیے 549 رنز کا انتہائی مشکل ہدف دیا۔ ہدف کے تعاقب میں ہندوستان نے دن کے اختتام تک دو وکٹ پر صرف 27 رنز بنائے اور اب بھی 522 رنز دور ہے ۔ہندوستان کی دوسری اننگز کا آغاز بہت خراب رہا۔ پہلی اننگز میں چھ وکٹ لینے والے مارکو یانسن نے یشوی جیسوال کو کیچ آؤٹ کرایا، جبکہ اسپنر سائمن ہارمر نے کے ایل راہل کو بولڈ کیا۔ جیسوال نے 13 اور راہل نے 6 رنز بنائے ۔ اسٹمپ کے وقت سائی سد رشن 2 اور نائٹ واچ مین کلدیپ یادو 4 رنز پر کھیل رہے تھے ۔جنوبی افریقہ اب فتح سے محض آٹھ وکٹ دور ہے ۔ ہندوستان کی اوپننگ جوڑی کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد سب سے بڑا چیلنج پانچویں دن پورا دن بیٹنگ کرنا ہوگا۔ میچ کا نتیجہ کل ہی سامنے آئے گا، لیکن اب تک کہانی یہی ہے کہ جنوبی افریقہ نے ہندوستان کو پوری طرح قابو کررکھا ہے۔آخری سیشن میں ہندوستان کے دو وکٹ گرے اور میچ میں تین سیشن باقی ہیں۔ جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے آٹھ وکٹ درکار ہیں، جبکہ ہندوستان کو 522 رنز جو حقیقت میں ممکن نظر نہیں آتے ۔ اگرہندوستانی بیٹرز ڈٹے رہے تو وہ میچ ڈرا کرا سکتے ہیں، لیکن جنوبی افریقہ کی تاخیر سے کی گئی ڈکلیریشن نے ماہرین کو حیران کردیا، کیونکہ اس سے کچھ قیمتی اوورز ضائع ہوئے جن میں وہ ہندوستان کے مزید وکٹ حاصل کر سکتے تھے ۔پانچویں دن اسپنرز اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ مہاراج، ہارمر، میتھوسامی اور مارکرم کے ساتھ ساتھ، جنوبی افریقہ کے پاس اسپن کا پورا اسلحہ موجود ہے ۔ اس کے علاوہ مارکو یانسن اس ٹیسٹ کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک رہے ہیں ،پہلی اننگز میں اہم رنز اور تیز شارٹ گیندوں سے ہندوستان بیٹرز کو پریشان کیا۔ جنوبی افریقہ امید کرے گا کہ وہ آخری دن بھی یہی فارم برقرار رکھیں گے ۔یہ صرف دوسری موقع ہے کہ ہندوستان کو ہوم ٹیسٹ میں 500 سے زائد رنز کا ہدف ملا ہے ۔ اس سے پہلے 2004 میں ناگپور میں آسٹریلیا نے 543 رنز کا ہدف دیا تھا، جو ہندوستان 342 رنز سے ہار گیا تھا،جو ان کی رنز کے حساب سے سب سے بڑی شکست ہے ۔اس سے قبل جنوبی افریقہ نے 26 رنز بغیر نقصان کے اپنی اننگز آگے بڑھائی اور پانچ وکٹ پر 260 رنز پر ڈکلیئر کیا۔ پہلی اننگز میں انہیں 288 رنز کی سبقت حاصل تھی۔دوسری اننگز میں اسٹَبس نے 180 گیندوں پر 94 رنز بنائے ، جن میں نو چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ انہیں روندرا جڈیجا نے بولڈ کیا، جو 62 رنز کے عوض چار وکٹ کے ساتھ ہندوستان کے کامیاب ترین بولر رہے ۔رائن ریکلٹن 35، ایڈن مارکرم 29، ٹونی ڈی ژورجی 49 اور ویان ملڈر 35 ناٹ آؤٹ رہے ۔ واشنگٹن سندر نے 67 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔