عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر ،25نومبر(یو این آئی) جموں و کشمیر پولیس نے بارہمولہ ضلع میں قائم الہدا ایجوکیشنل انسٹی ٹیوٹ کی مالیاتی اور عملی سرگرمیوں میں ممکنہ بے ضابطگیوں اور قانونی خلاف ورزیوں کے حوالے سے ابتدائی تحقیقات شروع کر دی ہے۔پولیس کے مطابق یہ تحقیقات ڈی ڈی آر نمبر9 مورخہ 24/11/2025 کے تحت تھانہ ٹنگمرگ میں اس وقت درج کی گئی جب ادارے کے مالی معاملات، قواعد کی تعمیل اور اراضی کے استعمال سے متعلق مشکوک معلومات موصول ہوئیں۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں بنیادی طور پر تین بڑے نکات کا جائزہ لیا جا رہا ہے:فارن کنٹری بیوشن ریگولیشن ایکٹ کی ممکنہ خلاف ورزی، محصولات کی چوری یا ٹیکس سے بچنے کا امکان، کیونکہ ادارے کے مالیاتی ریکارڈ اور ضروری دستاویزات نامکمل پائے گئے ہیں۔پولیس بیان کے مطابق ادارے کی عمارت سرکاری اراضی پر مبینہ طور پر بغیر قانونی طریقہ کار کے تعمیر کی گئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ان پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام شواہد کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے اور ضرورت پڑنے پر معاملہ باقاعدہ کیس کے طور پر درج کیا جائے گا۔حکام نے مزید کہا کہ ریاستی اراضی کے ناجائز قبضے اور مالی بدعنوانیوں سے متعلق معاملات میں سختی سے کاروائی کی جائے گی تاکہ کوئی بھی ادارہ یا شخص قانون سے بالاتر نہ رہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ مزید تفصیلات تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گی۔
بارہمولہ میں تعلیمی ٹرسٹ کی مبینہ بے ضابطگیوں پر پولیس کی ابتدائی تحقیقات شروع